Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بنگلا دیش کے معاملے پر محسن نقوی کا اصولی موقف، آئی سی سی کا دوہرا معیار بے نقاب

بنگلہ دیش کی درخواست ایک قانونی اقدام تھا، جس کا مقصد خطرات کم کرنا تھا

پاکستان کرکٹ بورڈ (PCB) کے چیئرمین محسن نقوی نے ٹی-20 ورلڈ کپ کے دوران بنگلا دیش کے معاملے پر اصولی موقف اختیار کیا ہے۔

محسن نقوی نے سنگین سکیورٹی خدشات کے پیش نظر بنگلا دیش کی جائز درخواست کی حمایت کی۔ ان کا موقف نہ صرف اخلاقی بنیادوں پر بلکہ بین الاقوامی کھیلوں، خودمختاری اور سیکورٹی کے قانونی اور ادارہ جاتی اصولوں پر بھی مبنی تھا۔

چیئرمین پی سی بی نے واضح کیا کہ ICC اور BCCI کی جانب سے بنگلا دیش کے جائز تحفظات کو نظر انداز کرنا اور غیر منطقی شرائط عائد کرنا ادارتی دوہرے معیار کی نشاندہی کرتا ہے اور اس سے ICC کی قانونی و اخلاقی ساکھ پر سوالات اٹھتے ہیں۔

بین الاقوامی کھیلوں کے قوانین کے مطابق ICC کی ذمہ داری ہے کہ وہ کھلاڑیوں، آفیشلز اور ٹیموں کو متوقع خطرات سے محفوظ رکھے۔ بنگلہ دیش کی درخواست میں بڑھتے ہوئے سکیورٹی خطرات، سیاسی کشیدگی اور علاقائی عدم استحکام کے خدشات شامل تھے، جن کی تصدیق آئی سی سی بھی کرچکا ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ بھارت میں سکیورٹی کے خطرات محض قیاس آرائیاں نہیں ہیں۔ بین الاقوامی قوانین ریاستوں اور اداروں کو اختیار دیتے ہیں کہ وہ مستحکم خطرات کی صورت میں احتیاطی اقدامات کریں۔

انھوں نے موقف اختیار کیا کہ بنگلہ دیش کی درخواست ایک قانونی اقدام تھا، جس کا مقصد خطرات کم کرنا تھا، نہ کہ تنازع پیدا کرنا۔ ICC کی جانب سے اس حقیقت کو نظر انداز کرنا بین الاقوامی سکیورٹی اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔

محسن نقوی نے واضح کیا کہ PCB حکومت پاکستان کے فیصلوں کے مطابق قدم اٹھائے گا اور انہیں حرف بہ حرف اور روح کے مطابق نافذ کرے گا۔

انہوں نے زور دیا کہ پاکستان ایک خودمختار ملک ہے اور بیرونی دباؤ میں اپنی قانونی یا اخلاقی پوزیشن سے سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ بنگلا دیش کے حق میں کھڑے ہو کر پاکستان نے بین الاقوامی ناانصافی کے خلاف مشترکہ موقف کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ عزت اور وقار پیسے سے زیادہ اہم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مالی مفادات کبھی بھی کھلاڑیوں کی حفاظت، قومی وقار یا بنیادی حقوق پر فوقیت نہیں پا سکتے۔

محسن نقوی نے ICC کے دوہرے معیار کو بے نقاب کرتے ہوئے بنگلہ دیش کی حمایت کتنے کا اصولی موقف اختیار کیا اور انصاف، مساوات اور خودمختاری کے بنیادی اصولوں کی حفاظت کی۔

انہوں نے کہا کہ کرکٹ ایک جینٹل مین کھیل ہے جس کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں، مگر بھارت نے ہمیشہ سیاست کے لبادے میں اس کھیل کی اصل روح کو متاثر کرنے کی کوشش کی ہے۔

چیئرمین پی سی بی نے واضح کیا کہ PCB حکومت پاکستان کے فیصلوں کے مطابق آگے بڑھے گا اور کسی بیرونی دباؤ کے تحت وقار یا اصولوں سے سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

محسن نقوی کے اصولی موقف کی عالمی سطح پر خاص طور پر بنگلا دیش اور پاکستان میں تعریف کی گئی، جس میں ICC کے دوہرے معیار کو بے نقاب کیا گیا اور انصاف، وقار اور خودمختاری کو بین الاقوامی کرکٹ کا اولین اصول قرار دیا گیا۔