پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکار جوڑی اقرا عزیز اور یاسر حسین کے گھر خوشیوں نے دستک دے دی ہے، جہاں ننھی پری کی آمد ہوئی ہے۔
اداکار یاسر حسین نے ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب 24 جنوری کو انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے خوشخبری سناتے ہوئے بتایا کہ ان کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے۔
یاسر حسین کی جانب سے شیئر کی گئی یہ اسٹوری دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس کے بعد شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی شخصیات اور مداحوں کی جانب سے مبارکبادوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
مداحوں کی بڑی تعداد نے جوڑے کے لیے نیک تمناؤں اور نومولود بیٹی کے لیے دعاؤں کا اظہار کیا۔
یہ خوشخبری اس لیے بھی خاص سمجھی جا رہی ہے کہ چند ہفتے قبل اقرا عزیز اور یاسر حسین نے مداحوں کو جلد ایک بڑی خوشخبری دینے کا عندیہ دیا تھا، جس کے بعد سے سوشل میڈیا پر مختلف قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں۔
واضح رہے کہ اقرا عزیز اور یاسر حسین اس سے قبل ایک بیٹے کے والدین بھی ہیں، جو جولائی 2021 میں پیدا ہوا تھا۔ یہ جوڑا اپنے بیٹے کے ساتھ تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کرتا رہتا ہے، جنہیں مداحوں کی جانب سے خوب سراہا جاتا ہے۔
