کراچی کے علاقے گل پلازہ میں پیش آنے والے افسوسناک سانحے پر ریسکیو آپریشن دسویں روز میں داخل ہو گیا ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ نے گل پلازہ میں سرچ آپریشن مکمل ہونے کا اعلان کردیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر ضلع جنوبی جاوید نبی کھوسو کے مطابق آتشزدگی سے متاثرہ عمارت کے ملبے کو ہیوی مشینری کی مدد سے ہٹانے کا کام تیزی سے جاری ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے آج متاثرہ عمارت کو سیل کرنے کا عندیہ بھی دیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ سانحے میں جاں بحق ہونے والے 73 افراد میں سے اب تک 23 افراد کی شناخت مکمل کر لی گئی ہے، جن میں سے 17 افراد کی شناخت ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعے ممکن بنائی گئی۔ مزید متاثرین کی شناخت کے لیے ڈی این اے کی مدد سے عمل جاری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ چند لاپتہ افراد کے ورثاء نے تاحال انتظامیہ سے رابطہ نہیں کیا جبکہ 79 لاپتہ افراد میں سے 13 کے لواحقین نے ابھی تک ڈی این اے سیمپلز فراہم نہیں کیے۔
ڈپٹی کمشنر جنوبی کے مطابق جن جاں بحق افراد کی شناخت ممکن نہ ہو سکی، ان کی موت کی تصدیق اور تعین متعلقہ تحقیقاتی کمیٹی اور عدالت کے ذریعے کیا جائے گا۔



















