ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق جمہوریۂ میانمار کے وزیرِ امور خارجہ یو تھان سوی نے وزارتِ خارجہ میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار سے دو طرفہ ملاقات کی۔ نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار نے میانمار کے وزیرِ خارجہ کا خیر مقدم کیا جو ان دنوں پاکستان کے دو طرفہ دورے پر ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی کے مطابق ملاقات کے دوران پاکستان اور میانمار کے دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
فریقین نے دو طرفہ تعلقات کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا اور علاقائی امن و سلامتی سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر خیالات کا تبادلہ کیا۔
ملاقات میں تجارت و اقتصادی تعاون، استعداد سازی اور انسانی ہمدردی پر مبنی تعاون کو فروغ دینے کے امکانات پر بات چیت کی گئی۔
اس کے علاوہ دونوں ممالک کے قونصلر امور میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر بھی غور کیا گیا، جن میں بیرونِ ملک اسکیمنگ اور فراڈ سرگرمیوں سے متاثرہ افراد کے معاملات شامل تھے۔
ترجمان کے مطابق دونوں راہنماؤں نے پاکستان اور میانمار کے عوام کے درمیان دیرینہ دوستی اور تاریخی تعلقات کو یاد کرتے ہوئے ثقافتی تعاون کے فروغ اور عوامی روابط کو مضبوط بنانے پر زور دیا۔ عوامی روابط کے فروغ کے لیے تعلیمی روابط، نوجوانوں کے تبادلے اور ثقافتی سرگرمیوں کو نہایت اہم قرار دیا گیا۔
میانمار کے وزیرِ خارجہ یو تھان سوی نے مذہبی سیاحت کو ثقافتی تعلقات کے فروغ اور عوامی روابط میں اضافے کا ایک مؤثر ذریعہ قرار دیا۔
اس موقع پر نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار نے ایک پُرامن، مستحکم اور خوشحال میانمار کے لیے پاکستان کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا اور میانمار میں قومی مفاہمت کے حق میں پاکستان کے اصولی مؤقف کو بھی دہرایا۔
مشاورت کے بعد پاکستان اور میانمار کی وزارتِ خارجہ کے درمیان سیاسی مشاورت سے متعلق ایک مفاہمتی یادداشت (MoU) پر بھی دستخط کیے گئے، جس کا مقصد دو طرفہ روابط کو مزید مستحکم اور منظم بنانا ہے۔
