Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بے لگام ٹریفک نے 27 دنوں میں 65 افراد نگل کر شہر قائد کو ماتم کدہ بنا دیا

شہر میں ڈمپر، ٹریلر، واٹر ٹینکر اور بسیں موت کا پیغام بن کر دوڑتی رہیں

بے ہنگم اور بے قابو ٹریفک نے ایک بار پھر شہر کو لہولہان کر دیا، مگر ہیوی ٹریفک کنٹرول کے تمام دعوے کاغذی ثابت ہوئے، سال 2026 کے صرف 27 دنوں میں کراچی کی سڑکوں نے 65 گھروں کے چراغ گل کر دیے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق شہر میں ڈمپر، ٹریلر، واٹر ٹینکر اور بسیں موت کا پیغام بن کر دوڑتی رہیں۔

ان حادثات میں معصوم بچوں اور خواتین سمیت 18 افراد جان سے گئے جبکہ 750 سے زائد شہری زخمی ہو کر اسپتالوں میں تڑپتے رہے۔

اعداد و شمار کے مطابق ٹریفک حادثات میں جاں بحق مردوں کی تعداد 50 تک پہنچ چکی ہے۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ 6 خواتین اور 9 بچے بھی ٹریفک کی بے رحمی کا شکار بنے۔

شہر کے مختلف علاقوں میں ڈمپر کی زد میں آ کر ایک شہری کی جان گئی۔ ریسکیو کے مطابق ٹریلر کی ٹکر سے 10 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔

اسی طرح واٹر ٹینکر نے 3 زندگیاں روند ڈالیں جبکہ بس کی ٹکر سے 4 افراد موت کے منہ میں چلے گئے۔ ہر حادثہ ایک نئی چیخ، ایک نیا ماتم اور ایک نیا سوال چھوڑ گیا۔

شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ کراچی کی سڑکیں محفوظ نہیں بلکہ موت کے جال میں تبدیل ہو چکی ہیں۔ بھاری گاڑیوں کی بلا روک ٹوک نقل و حرکت نے شہریوں کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔

متعلقہ خبریں