اسکاٹ لینڈ میں ایک اہم افغان شہری کی گرفتاری کے بعد یورپ میں انسانی اسمگلنگ کا افغان نیٹ ورک بے نقاب ہوگیا ہے۔
اسکاٹ لینڈ کے شہر گلاسگو میں برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی (NCA) نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایک اہم افغان شہری کو گرفتار کر کے یورپ میں افغان نیٹ ورک کو بے نقاب کر دیا ہے۔
یہ گرفتاری ایک ایسے نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کا حصہ ہے جو آئرلینڈ سے برطانیہ تک مہاجرین کی غیر قانونی نقل و حرکت میں سرگرم تھا۔
گرفتاری کے بعد گلاسگو اور برمنگھم میں دو مقامات پر چھاپے مارے گئے، جہاں سے متعدد دستاویزات اور الیکٹرانک آلات ضبط کیے گئے۔
مزید پڑھیں: انسانی بحران کے سائے میں قدرتی آفت، افغانستان میں بارشوں اور برفباری نے تباہی مچادی
برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی کا کہنا ہے کہ انسانی اسمگلنگ اور غیر قانونی نقل و حرکت میں ملوث افغان نیٹ ورکس کے خلاف کارروائی ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔
اس سے قبل ڈبلن سے گرفتار 26 سالہ افغان شہری کو بھی انسانی اسمگلنگ کے الزامات کے تحت چارج کیا جا چکا ہے۔
اسی طرح بیلجیئم، برطانیہ اور رومانیہ میں بھی کئی افغان باشندے انسانی اسمگلنگ میں ملوث ہونے کے سبب گرفتار اور ملک بدر کیے جا چکے ہیں۔
افغان جریدہ ہشت صبح کے مطابق، یہ نیٹ ورک یورپ میں مہاجرین کی غیر قانونی نقل و حرکت میں سرگرم رہا ہے اور اس افغان شہری کی گرفتاری نے واضح کر دیا ہے کہ طالبان رجیم جرائم اور دہشت گردی کے نیٹ ورکس کو روکنے میں مکمل طور پر ناکام رہا ہے۔
یہ واقعہ اس بات کا ثبوت بھی ہے کہ یورپ میں افغان شہریوں کے ملوث نیٹ ورکس عالمی سطح پر انسانی اسمگلنگ اور منظم جرائم کے خطرات پیدا کر رہے ہیں۔




















