Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس؛ پی ٹی آئی کے ایم پی اے الیکشن کمیشن میں طلب

ڈاکٹر امجد علی کے جمع کرائے گئے اثاثہ جاتی گوشواروں میں آمدن اور ملکیت میں فرق سامنے آیا ہے، الیکشن کمیشن

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی اور سوات سے منتخب ایم پی اے ڈاکٹر امجد علی کو الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اثاثوں اور آمدن میں واضح فرق کے معاملے پر طلب کرلیا۔

ڈاکٹر امجد علی کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی سماعت 3 فروری 2026 کو الیکشن کمیشن اسلام آباد میں ہوگی، جہاں انہیں اپنے مالی معاملات، آمدن اور اثاثوں سے متعلق وضاحت پیش کرنا ہوگی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ڈاکٹر امجد علی کے جمع کرائے گئے اثاثہ جاتی گوشواروں میں آمدن اور ملکیت میں فرق سامنے آیا ہے جس پر نوٹس جاری کرتے ہوئے انہیں ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

خیال رہے کہ ڈاکٹر امجد علی اسمبلی کے فلور اور عوامی اجتماعات میں خود کو کرپشن کے خلاف آواز بلند کرنے والوں میں شمار کرتے رہے ہیں۔ وہ متعدد مواقع پر کرپشن فری سوسائٹی اور صاف سیاست کے دعوے کرتے دکھائی دیتے رہے ہیں۔

پی ٹی آئی کی قیادت اور منتخب نمائندے ماضی میں دیگر سیاسی جماعتوں پر مالی بے ضابطگیوں کے الزامات عائد کرتے رہے ہیں۔

تاہم اب خود پارٹی کے ایک منتخب رکن کو اثاثہ جات سے متعلق وضاحت کے لیے الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہونا پڑرہا ہے۔