Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پی سی بی فیوچر اسٹارز ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا اعلان؛ آغاز 11 فروری سے ہوگا

اوپن ٹرائلز کے لیے سابق ٹیسٹ کرکٹرز اور ریجنل کوچز پر مشتمل سلیکشن پینل تشکیل دیا گیا ہے۔

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے ملک بھر کے نوجوان کھلاڑیوں کے لیے فیوچر اسٹارز ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے آغاز کا اعلان کردیا ہے جس کا باقاعدہ آغاز 11 فروری سے ہوگا۔ اس پروگرام کے تحت نوجوان کرکٹرز کو قومی سطح پر خود کو منوانے کا ایک بڑا موقع فراہم کیا جارہا ہے۔

پی سی بی کے مطابق اس ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت اوپن ٹرائلز یکم مئی تک ملک کے مختلف شہروں میں منعقد کیے جائیں گے۔ ٹرائلز کراچی، لاہور، ملتان، فیصل آباد، پشاور اور کوئٹہ سمیت دیگر شہروں میں ہوں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا جاسکے۔

اوپن ٹرائلز کے لیے سابق ٹیسٹ کرکٹرز اور ریجنل کوچز پر مشتمل سلیکشن پینل تشکیل دیا گیا ہے جو 15 شہروں میں ٹرائلز لے گا۔ پی سی بی کے مطابق ٹرائلز کے ذریعے 350 کے قریب باصلاحیت کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائے گا۔

سلیکشن پینل میں عاقب جاوید، مصباح الحق اور عبدالرزاق شامل ہوں گے جو نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کا جائزہ لیں گے۔ ہر ریجن سے زیادہ سے زیادہ 24 بہترین کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کیا جائے گا۔

پی سی بی کا فیوچر اسٹارز ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا اعلان؛ آغاز 11 فروری سے ہوگا

منتخب ہونے والے کھلاڑیوں کو چار ہفتوں کی خصوصی ٹریننگ دی جائے گی جس میں فٹنس، تکنیک اور گیم اویئرنیس پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ اس کے علاوہ ٹرائلز کے دن بہترین بیٹس مین، فاسٹ بولر اور اسپنر کو کیش انعامات بھی دیے جائیں گے۔

پی سی بی کے مطابق منتخب کھلاڑیوں میں سے نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے کیمپس میں بھی مدعو کیا جائے گا جب کہ کھلاڑیوں کی سال بھر پی سی بی ریجنل اکیڈمیز میں اسکل ڈیولپمنٹ بھی کروائی جائے گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ اس پروگرام کے ذریعے منتخب ہونے والے کھلاڑیوں کو مستقبل میں ڈومیسٹک کرکٹ اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں سلیکشن کے مواقع بھی حاصل ہوسکیں گے جس سے قومی کرکٹ کے لیے نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا۔