Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

عالمی شہرت یافتہ باکسر عامر خان کی داتا دربار پر حاضری

مزار پر چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اور ملک و قوم کے لیے خصوصی دعا کی۔

لاہور: عالمی شہرت یافتہ برطانوی نژاد پاکستانی باکسر عامر خان نے لاہور میں حضرت داتا گنج بخش علی ہجویریؒ کے مزار پر حاضری دی۔

اس موقع پر انہوں نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی جب کہ ملک و قوم کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔

عامر خان نے دربار داتا گنج بخش پر دس دیگوں کی نیاز بھی تقسیم کروائی جس میں بڑی تعداد میں زائرین نے شرکت کی۔ حاضری کے دوران انہوں نے مزار کے احاطے میں جاری ترقیاتی کاموں کا بھی مشاہدہ کیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عامر خان نے کہا کہ داتا دربار پر جاری ترقیاتی منصوبے دیکھ کر انہیں بے حد خوشی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ احاطے میں توسیع سے زائرین کو مزید سہولیات میسر آئیں گی اور دربار پر آنے والے عقیدت مندوں کے لیے بہتر انتظامات ممکن ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حضرت داتا گنج بخش علی ہجویریؒ کا پیغام محبت، امن اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے جس پر عمل پیرا ہوکر معاشرے میں مثبت تبدیلی لائی جاسکتی ہے۔

عامر خان کی داتا دربار آمد پر زائرین نے ان سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا اور کئی افراد نے تصاویر بھی بنوائیں۔