Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کانگو میں کالٹن دھات کی کان بیٹھ گئی، 200 سے زائد افراد کے جاں بحق ہونے کا خدشہ

ملبے تلے دبنے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

وسطی افریقہ کے ملک کانگو میں ایک المناک حادثے نے کان کنی کے شعبے کو ہلاکر رکھ دیا، جہاں کالٹن دھات کی ایک کان اچانک بیٹھ جانے کے نتیجے میں 200 سے زائد افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ مشرقی کانگو کے علاقے ربایا میں پیش آیا، جہاں بدھ کے روز باغی گروہوں کے زیرِ اثر صوبے میں واقع کالٹن کی کان شدید لینڈ سلائیڈنگ کے باعث منہدم ہوگئی۔

حادثے کے فوراً بعد ریسکیو کارروائیاں شروع کی گئیں تاہم جمعے تک ہلاکتوں کی حتمی تعداد کی تصدیق نہیں ہوسکی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملبے تلے دبنے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جب کہ کم از کم 20 افراد کو شدید زخمی حالت میں قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد دی جارہی ہے۔

ربایا کے مقامی حکام کے مطابق حالیہ شدید بارشوں کے باعث زمین غیر معمولی حد تک نرم ہوچکی تھی جس کی وجہ سے کان اچانک بیٹھ گئی اور اندر کام کرنے والے درجنوں مزدور ملبے میں دب گئے۔

یاد رہے کہ ربایا عالمی سطح پر کالٹن کی پیداوار کا ایک اہم مرکز ہے اور یہاں سے دنیا کی مجموعی پیداوار کا تقریباً 15 فیصد حاصل کیا جاتا ہے۔

کالٹن سے تیار ہونے والی ٹینٹالم دھات موبائل فونز، کمپیوٹرز، ایرو اسپیس ٹیکنالوجی اور ٹربائنز کی تیاری میں وسیع پیمانے پر استعمال ہوتی ہے۔

متعلقہ خبریں