ایس آئی ایف سی کی مؤثر حکمتِ عملی کے باعث پاکستان عالمی سرمایہ کاروں کی توجہ کا نمایاں مرکز بن گیا۔
پاکستان کی جانب سے ورچوئل انویسٹر روڈ شو کا انعقاد کیا گیا جس میں عالمی سرمایہ کاروں نے پاکستان پر بھرپور اعتماد ظاہر کیا۔
پاکستان کے معاشی استحکام اور اصلاحاتی اقدامات نے عالمی سرمایہ کاروں کے اعتماد کو نئی تقویت دی۔
مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد کے مطابق پاکستان نے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی قیادت اور اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک کے زیرِ اہتمام ورچوئل انویسٹر روڈشو کا انعقاد کیا، یہ تاریخی ڈیویلپمنٹ ہے کہ پہلی بار اتنے بڑے پیمانے پر عالمی سرمایہ کار اس روڈشو میں شریک ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ ایونٹ میں 225 عالمی سرمایہ کاروں نے شرکت کی، جن کے اثاثہ جات کی مجموعی مالیت 3 ٹریلین ڈالر سے زائد ہے، شرکاء میں دنیا کے بڑے سرمایہ کار اور ادارے، شمالی امریکا، یورپ، مشرق وسطیٰ اور دیگر خطوں سے شامل ہوئے۔
خرم شہزاد کا کہنا تھا کہ روڈ شو میں پاکستان کی میکرو اکنامکس، معیشت میں استحکام، اصلاحات اور سرمایہ کاری کے مواقع پیش کیے گئے، بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی وسیع شرکت، پاکستان کی مضبوط اور مستحکم معیشت پر عالمی اعتماد کی عکاس ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ تاریخی انگیجمنٹ پہلی بار پاکستان میں گلوبل سرمایہ کاروں کی بڑھتی دلچسپی اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع کا واضح ثبوت ہے، ایس آئی ایف سی نے سرمایہ کاری کے لیے ون ونڈو پلیٹ فارم فراہم کر کے سرمایہ کاروں کو ایک ہی چھت کے نیچے تمام سہولیات مہیا کر دی ہیں۔
تاہم، پاکستان میں عالمی اداروں کی آمد اور مضبوط مالیاتی ذخائر سے ملک کی عالمی معاشی ساکھ مزید مستحکم ہو رہی ہے، ایس آئی ایف سی کی کاوشوں سے پاکستان میں سرمایہ کاری کو فروغ ملا اور عالمی سرمایہ کاروں کا اعتماد مضبوط ہوا ہے۔


















