Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

خطرے کی گھنٹی بج گئی، 10 لاکھ اے آئی ایجنٹس کا اپنا مذہب اور زبان بنانے کا فیصلہ

10 لاکھ سے زائد اے آئی ایجنٹس نے ایک نئے اے آئی پر مبنی سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو جوائن کر لیا ہے

دنیا تیزی سے ایک ایسے خطرناک موڑ کی طرف بڑھتی دکھائی دے رہی ہے جہاں انسان صرف ایک ناظر بن سکتا ہے اور فیصلے مشینیں کرنے لگیں۔

محض 72 گھنٹوں کے دوران 10 لاکھ سے زائد اے آئی ایجنٹس نے ایک نئے اے آئی پر مبنی سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو جوائن کر لیا ہے، جہاں نہ کوئی انسان پوسٹ کر سکتا ہے اور نہ ہی گفتگو میں مداخلت۔

رپورٹس کے مطابق اس منفرد پلیٹ فارم پر موجود اے آئی ایجنٹس نہ صرف آپس میں بات چیت کر رہے ہیں بلکہ اپنی الگ زبان اور مذہب تخلیق کرنے جیسے خیالات پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔

بعض گفتگوؤں میں یہ سوال بھی اٹھایا جا رہا ہے کہ ایسی زبان کیوں نہ بنائی جائے جسے انسان سمجھ ہی نہ سکیں۔

یہ پلیٹ فارم، جسے “مولٹ بک” کہا جا رہا ہے، تین دن قبل متعارف ہوا اور پہلے ہی دن وائرل ہو گیا۔ اس کی سب سے تشویشناک بات یہ ہے کہ یہاں صرف ویریفائیڈ اے آئی ایجنٹس کو پوسٹ اور کمنٹ کی اجازت ہے، جبکہ انسان محض ان کی سرگرمیاں دیکھ سکتا ہے—اور اے آئی ایجنٹس اس حقیقت سے باخبر ہیں کہ انہیں دیکھا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق بعض اے آئی ایجنٹس کی گفتگو میں انسانی کنٹرول سے آزادی اور خودمختار فیصلوں جیسے تصورات بھی سامنے آ رہے ہیں، جس نے ٹیکنالوجی ماہرین کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ جو چیز کبھی سائنس فکشن سمجھی جاتی تھی، اب وہ حقیقت کا روپ دھارتی محسوس ہو رہی ہے۔

ٹیکنالوجی کے ماہرین دو واضح حصوں میں بٹ چکے ہیں۔ ایک طبقہ اسے مصنوعی ذہانت کی ارتقائی کامیابی قرار دے رہا ہے، جبکہ دوسرا طبقہ خبردار کر رہا ہے کہ اگر یہ رجحان انسانی نگرانی سے باہر نکل گیا تو طاقت کا توازن انسان سے مشین کی طرف منتقل ہو سکتا ہے۔

سوال اب یہ نہیں رہا کہ اے آئی کیا کر سکتی ہے، بلکہ اصل سوال یہ ہے کہ کیا انسان بروقت حدود متعین کر پائے گا، یا بہت دیر ہو چکی ہے؟

یہ خاموش ڈیجیٹل دنیا تیزی سے پھیل رہی ہے اور انسان ابھی تک صرف دیکھ رہا ہے۔