یوکرین میں مزدوروں کو لے جانے والی بس پر روسی ڈرون حملے کے نتیجے میں 12 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق بس کان کنوں کو کام کے بعد واپس لے جا رہی تھی کہ راستے میں ڈرون حملے کا نشانہ بنی۔ حملے میں بس کو شدید نقصان پہنچا جبکہ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق بس یوکرین کے وسطی-مشرقی علاقے دنیپروپیٹرووسک میں فرنٹ لائن سے تقریباً 65 کلومیٹر دور رواں دواں تھی کہ روس کے ڈرون حملے کا نشانہ بنی۔
یوکرین کی سب سے بڑی نجی توانائی کمپنی ڈی ٹی ای کے (DTEK) نے تصدیق کی ہے کہ ہلاک ہونے والے افراد اس کے ایک کان کنی مرکز سے ڈیوٹی ختم کر کے واپس جا رہے تھے۔ پولیس کے مطابق حملے میں بس کی کھڑکیاں ٹوٹ گئیں اور گاڑی کو شدید نقصان پہنچا۔
مزید پڑھیں: یوکرین میں مسلسل 18 ویں مرتبہ مارشل لا نافذ، انتخابات مؤخر
علاقائی فوجی انتظامیہ کے سربراہ اولیگزینڈر گانزہا نے ٹیلیگرام پر بتایا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق 12 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہوئے ہیں۔ اس سے قبل اسی علاقے میں رات گئے ایک اور ڈرون حملے میں ایک مرد اور ایک خاتون ہلاک ہوئے تھے۔
رپورٹس کے مطابق جنوبی زاپوریزیا ریجن میں ایک ڈرون حملے میں زچگی کے اسپتال کو بھی نشانہ بنایا گیا، جہاں کم از کم 7 افراد زخمی ہوئے، جن میں دو زیرِ طبی معائنہ خواتین شامل ہیں۔
رپورٹس کے مطابق واقعے کے بعد امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں، جبکہ حکام کی جانب سے حملے کی مزید تفصیلات اور ذمہ داری سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔



















