لیبیا کی مسلح افواج کے نائب سربراہ لیفٹیننٹ جنرل صدام خلیفہ حفتر نے ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور پاکستان و لیبیا کے درمیان دفاعی و فضائی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے پاکستان اور لیبیا کے درمیان مذہبی، تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے دفاعی اداروں کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دینے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
ایئر چیف نے لیبیائی وفد کو پاک فضائیہ کی مجموعی آپریشنل تیاری، جدید کاری کے جاری منصوبوں اور مستقبل کی حکمت عملی پر تفصیلی بریفنگ دی۔
اس موقع پر پاک فضائیہ کی کثیرالجہتی صلاحیتوں، خود انحصاری کے منصوبوں اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر خصوصی روشنی ڈالی گئی۔
لیبیائی وفد کو نیشنل ایئرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کے تحت جاری مقامی تحقیقی اور ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا، جن کا مقصد دفاعی شعبے میں جدید اختراعات اور ٹیکنالوجی کی مقامی تیاری کو فروغ دینا ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل صدام خلیفہ حفتر نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل معیار اور جدید سوچ کو سراہتے ہوئے مشترکہ تربیتی پروگرامز، فضائی مشقوں اور پیشہ ورانہ تبادلوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
دونوں فریقین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دفاعی تعاون کو نئی جہت دی جائے گی اور مشترکہ اقدامات کے ذریعے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے مل کر کام کیا جائے گا۔
















