لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر بسنت کے موقع پر محکمہ ایمرجنسی سروسز پنجاب نے ایمرجنسی پلان جاری کردیا۔
محکمہ ایمرجنسی سروسز پنجاب کی بریفنگ کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں 1200 سے زائد ریسکیو اہلکار، 56 ایمبولینسز، 24 فائر وہیکلز اور 300 ریسکیو موٹر بائیکس اہم مقامات پر متعین کی جائیں گی۔ بسنت کے دوران ریسکیو 1122 ہائی الرٹ پر رہے گی۔
لاہور میں 23 ریسکیو اسٹیشنز کے علاوہ اہم مقامات پر 180 خصوصی ’’کی پوائنٹس‘‘ قائم کیے جائیں گے جہاں ایمرجنسی ایمبولینسز، فائر وہیکلز اور ریسکیو موٹر بائیکس متعین ہوں گی تاکہ تنگ گلیوں اور ٹریفک میں بروقت رسائی ممکن ہو۔
اندرون شہر کے علاقوں جیسے مزنگ، اچھرہ، شاد باغ اور داتا دربار میں بھی خصوصی ریسکیو ٹیمیں تعینات کی جائیں گی۔
کسی بھی بڑی ایمرجنسی کی صورت میں قریبی اضلاع سے فوری بیک اپ کے لیے ریسکیو ٹیمیں بھی دستیاب ہوں گی۔
بسنت فیسٹیول کے دوران ریسکیو اور میڈیکل کور کے علاوہ روٹین ریسکیو آپریشنز بھی جاری رہیں گے۔ پروونشل ایمرجنسی آپریشن سینٹر اور ضلعی کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر لاہور تمام آپریشنز کی نگرانی کریں گے۔
صوبائی وزیر صحت و ایمرجنسی سروسز خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ بسنت کا تہوار خیرو عافیت سے گزرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب محفوظ بسنت فیسٹیول کو یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔

















