نیشنل سنٹر فور فزکس (این سی پی) اسلام آباد میں منعقدہ دو روزہ پہلی انڈسٹریل ایکسپو 2026 کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گئی، جس میں ملک بھر سے صنعتی ماہرین، محققین، ٹیکنالوجی سٹارٹ اپس اور پبلک سیکٹر اداروں کے نمائندوں نے بھرپور شرکت کی۔
ایکسپو میں این سی پی کے پلیٹ فارم کے تحت تیار کی گئی صنعتی مصنوعات، جدید ٹیکنالوجیز، کمرشل سروسز اور اپلائیڈ ریسرچ سلوشنز کی نمائش کی گئی، جبکہ صنعتوں اور سٹارٹ اپس کے لیے تیار کردہ متعدد مصنوعات اور جدید پروٹو ٹائپس بھی شرکاء کے سامنے پیش کیے گئے۔
ایکسپو کا بنیادی مقصد پاکستان کے پیداواری شعبے، ٹیکنالوجی سٹارٹ اپس اور پبلک سیکٹر اداروں کو مضبوط بنانے میں نیشنل سنٹر فور فزکس کے کردار کو اجاگر کرنا تھا، تاکہ تحقیق اور صنعت کے درمیان موجود خلا کو کم کیا جا سکے۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل این سی پی ڈاکٹر قیصر احسن کا کہنا تھا کہ انڈسٹریل ایکسپو تحقیقی اداروں اور صنعتی شعبے کے مابین تعاون اور ہم آہنگی کو مزید فروغ دے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سائنسدان اور محققین صنعتوں کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں اور این سی پی جدید تحقیق کو عملی شکل دینے کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
شرکاء نے ایکسپو کو صنعت اور تحقیق کے درمیان مؤثر رابطے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا اور مستقبل میں اس نوعیت کے مزید ایونٹس کے انعقاد کی ضرورت پر زور دیا۔




















