دنیا بھر میں فیس بک کی سروسز متاثر ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں جس کے باعث متعدد صارفین کو ویب براؤزر کے ذریعے فیس بک تک رسائی میں دشواری کا سامنا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق صارفین نے شکایت کی ہے کہ کمپیوٹر براؤزرز جیسے گوگل کروم، ایج اور دیگر پر Facebook.com کھلنے میں مسئلہ پیش آ رہا ہے، خصوصاً ونڈوز کمپیوٹرز استعمال کرنے والے افراد اس خرابی سے زیادہ متاثر دکھائی دے رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر صارفین نے بتایا کہ فیس بک کھولنے کی کوشش پر “Something went wrong” جیسے ایرر میسجز سامنے آرہے ہیں یا پھر ویب سائٹ مکمل طور پر لوڈ نہیں ہورہی۔
متعدد ممالک سے ایک ہی نوعیت کی رپورٹس سامنے آنے کے بعد یہ تاثر ملا ہے کہ یہ مسئلہ کسی مخصوص علاقے تک محدود نہیں بلکہ عالمی سطح پر تکنیکی خرابی کا نتیجہ ہوسکتا ہے جبکہ بصارفین نے انسٹاگرام پر بھی اسی طرح کے مسائل کی شکایات کی ہیں۔
تاہم، رپورٹس کے مطابق یہ خرابی صرف ویب براؤزرز تک محدود دکھائی دیتی ہے جبکہ موبائل ایپ استعمال کرنے والے صارفین فیس بک تک باآسانی رسائی حاصل کر رہے ہیں، اسی طرح ایپل کے میک کمپیوٹرز پر فیس بک کا ویب ورژن معمول کے مطابق کام کر رہا ہے۔
Downdetector پر فیس بک سے متعلق شکایات میں اچانک اضافہ دیکھا گیا ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بڑی تعداد میں صارفین کو سروس متاثر ہونے کا سامنا ہے۔
فی الحال صارفین کو مشورہ دیا جارہا ہے کہ وہ موبائل ایپ استعمال کریں یا براؤزر کی cache اور cookies کلین کر کے دوبارہ کوشش کریں، جب تک مسئلہ مکمل طور پر حل نہیں ہوجائے۔
تاہم، میٹا یا فیس بک کی جانب سے تاحال اس حوالے سے کوئی باضابطہ وضاحت جاری نہیں کی گئی۔




















