عمر چھوٹی ہو یا بڑی انگوٹھی کسی سے بھی گم ہوسکتی ہے تاہم اس کا دوبارہ ملنا وہ بھی کئی دہائیوں بعد یقیناً حیران کن ہوتا ہے، ایسا ہی ایک واقعہ امریکہ میں پیش آیا جہاں 44 سال قبل گم ہونے والی انگوٹھی اصل مالک کو لوٹا دی گئی۔
امریکہ کی ریاست مسسیپی میں 1982 میں ساحل سمندر پر گم ہونے والی انگوٹھی ٹھیک اسی جگہ 44 سال بعد ریت میں دبی ہوئی دوبارہ مل گئی۔
ڈیرین لاڈنر نے سوشل میڈیا پر اپنی ایک پوسٹ میں بتایا کہ یہ کلاس رنگ انہوں نے اپنے ہائی اسکول کے سینئر ایئر کے دوران پاس کرسچن بیچ پر دوستوں کے ساتھ ایک پارٹی میں کھودی تھی۔
انہوں نے مزید لکھا کہ میں نے بہت تلاش کیا لیکن وہ نہیں ملی۔
یہ بھی پڑھیں: ٹیلر سوئفٹ کی منگنی کی انگوٹھی کتنے کی؟ قیمت سن کر ہوش اُڑ جائیں گے
لاڈنر نے مزید کہا کہ اسے تلاش کرنے کے لیے وہ ایک اسسٹنٹ پرنسپل کے ساتھ دوبارہ ساحل پر گئے تھے، جنہوں نے اپنی میٹل ڈیٹیکٹر سے تلاش کرنے کی پیشکش کی تھی، تاہم انگوٹھی نہیں ملی۔
تاہم اسی ہفتے کے آغاز میں لاڈنر کو فیس بک پر سیمی جیول نامی شخص کا پیغام ملا، جس نے بتایا کہ اس نے ساحل پر میٹل ڈیٹیکٹر کے ذریعے خزانہ تلاش کرتے ہوئے وہ انگوٹھی ڈھونڈ لی ہے۔
لاڈنر نے ڈبلیو ایل او ایکس ٹی وی کو بتایا، جب مجھے پیر کی صبح پیغام ملا تو میں بے حد خوش تھا، مجھے یقین ہی نہیں آ رہا تھا، کیونکہ اسے گم ہوئے 44 سال ہو چکے تھے، وہ یہ جان کراور بھی حیران ہوئے کہ انگوٹھی اسی جگہ سے ملی جہاں وہ کھوئی تھی۔
لاڈنر نے کہا کہ جب سے یہ انگوٹھی گم ہوئی ہے یعنی جنوری سے مئی 1982 سے اب تک سات سمندری طوفان (ہریکین) اور پانچ ٹراپیکل طوفان آ چکے ہیں، تو یہ انگوٹھی واقعی بہت کچھ برداشت کر چکی ہے۔




















