آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے نیدرلینڈ کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔
کولمبو میں کھیلے جانے والے میچ میں نیدر لینڈ کی جانب سے دیے گئے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب نے اننگز کا آغاز کیا تاہم ابتدائی کھلاڑی جم کے نا کھیل سکے، 27 رنز پر صائم ایوب 13 گیندوں پر 24 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، انہوں نے اپنی اننگز میں 4 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔
پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا بھی 53 کے مجموعے پر 12 رنز بنا کر آریان دت کا شکار بنے۔ صاحبزادہ فرحان 46 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ عثمان خان صفر پر بولڈ ہوگئے، دونوں کو پال وین میکرین نے ایک ہی اوور میں آؤٹ کیا۔ اگلے ہی اوور میں وین ڈر مرفی نے بابر اعظم کو کیچ آؤٹ کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق کولمبو کے سنہالیز اسپورٹس کمپلیکس میں پاکستان نے ٹاس جیت کر نیدرلینڈز کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔
نیدرلینڈز کی ٹیم 19.5 اوورز میں 147 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی۔
مائیکل لیوٹ 24، میکس او داؤد 5، کولن ایکر مین 20، باس ڈی لیڈ 30، کپتان اسکاٹ ایڈروڈز 37، لوگن وین بیک صفر، زیک لائن کیشے 9، وینڈر مروا 4، آریان دت 13 اور پال وین میکران بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے سلمان مرزا نے 3، محمد نواز، صائم ایوب، اور ابرار احمد نے 2،2 جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے ایک وکٹ حاصل کی۔
قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا کا کہنا تھا کہ بارش کی وجہ سے کنڈیشن بولنگ کے لیے سازگار ہے میں نے پہلی بار سری لنکا میں پچ پر اتنی گھاس دیکھی ہے۔ ہم تین فاسٹ بولرز اور آل راؤنڈرز کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کل نیدرلینڈ کے خلاف میچ سے ورلڈ کپ مہم کا آغاز کرے گا
دوسری جانب نیدرلینڈز کے کپتان کا کہنا تھا کہ ہم بھی پہلے بولنگ کرنا چاہتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے لیے ایک بڑا گیم ہے، ہم گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے بھارت اور سری لنکا میں کھیل رہے ہیں اور یہاں کی کنڈیشنز سے واقف ہیں۔


















