رمضان المبارک 2026 کی آمد میں چند ہی دن باقی رہ گئے ہیں اور دنیا بھر میں روزوں کے دورانیے سے متعلق دلچسپ تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔
دنیا کے مختلف حصوں میں دن اور رات کے دورانیے میں فرق کے باعث روزے کے اوقات بھی نمایاں طور پر مختلف ہوں گے، خاص طور پر شمالی اور جنوبی ممالک میں روزے کی مدت میں واضح فرق دیکھنے کو ملے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق روس کے شمالی حصے گرین لینڈ، آئس لینڈ، ناروے، سویڈن اور فن لینڈ جیسے ممالک میں روزہ رکھنے کا دورانیہ 16 گھنٹوں سے تجاوز کر سکتا ہے جبکہ بعض علاقوں میں یہ مدت 20 گھنٹے تک بھی پہنچنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب جنوبی اور معتدل علاقوں میں روزے کا دورانیہ نسبتاً کم رہنے کی توقع ہے۔ برازیل، جنوبی افریقہ، چلی، نیوزی لینڈ، انڈونیشیا، ملائیشیا اور کینیا جیسے ممالک میں روزہ تقریباً 11 سے 14 گھنٹوں کے درمیان ہوگا۔
علمائے کرام کے مطابق جن علاقوں میں دن یا رات غیر معمولی حد تک طویل یا مختصر ہو، وہاں روزہ رکھنے کے لیے مکہ مکرمہ یا قریبی معتدل شہر کے اوقات کو معیار بنایا جا سکتا ہے تاکہ روزے کی ادائیگی میں آسانی رہے۔
رپورٹس کے مطابق رمضان المبارک 2026 کا آغاز 19 فروری کو متوقع ہے، تاہم چاند نظر آنے کی صورت میں یکم رمضان 18 فروری کو بھی ہو سکتا ہے۔
رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اس سال روزوں کا دورانیہ گزشتہ سال کے مقابلے میں قدرے کم ہوگا، جس سے روزہ داروں کو سہولت ملنے کا امکان ہے۔



















