لاہور: بسنت فیسٹیول نے نہ صرف شہر کو رنگوں سے سجا دیا بلکہ پتنگ سازی کی صنعت میں بھی نئی روح پھونک دی۔ تین روزہ جشن کے دوران لاہور میں پتنگوں اور ڈور کی مد میں مجموعی طور پر تقریباً 2 ارب روپے کا کاروبار ہوا۔
آل پاکستان کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشن کے مطابق بسنت کے انعقاد سے دم توڑتی صنعت کو نئی زندگی ملی ہے۔ صدر ایسوسی ایشن شکیل شیخ کا کہنا ہے کہ بسنت کے صرف تین دنوں میں 2 ارب روپے کا کاروبار ہوا جو اس صنعت کے لیے انتہائی حوصلہ افزا ہے۔
انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کاروباری سرگرمیوں کی بحالی اور پتنگ سازی کے شعبے کو دوبارہ فعال بنانے پر صنعت سے وابستہ افراد اُن کے شکر گزار ہیں۔
ایسوسی ایشن کے مطابق بسنت کے تہوار نے ہزاروں خاندانوں کے لیے روزگار کے مواقع بھی پیدا کیے، جس سے کاریگروں، دکانداروں اور متعلقہ شعبوں سے وابستہ افراد کو براہ راست فائدہ پہنچا۔




















