مغربی کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا کے ہائی اسکول میں فائرنگ کے واقعے میں 10 افراد ہلاک ہو گئے ہیں، جن میں مبینہ حملہ آور بھی شامل ہے۔
واقعے کے بعد کینیڈین وزیراعظم مارک کارنی نے ہالیفیکس میں دفاعی صنعتی حکمت عملی کے اعلان اور جرمنی میں میونخ سیکیورٹی کانفرنس میں شرکت کو ملتوی کر دیا ہے۔
کارنی نے X (سابقہ ٹوئٹر) پر کہا، “میں آج کے ہولناک ٹمبلر رِج کے فائرنگ کے واقعات سے تہہ دل سے افسردہ ہوں۔ میری دعائیں اور گہری تعزیت ان خاندانوں اور دوستوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے اپنے پیاروں کو اس ہولناک تشدد میں کھو دیا۔”
رائل کینیڈین ماؤنٹڈ پولیس کے مطابق برٹش کولمبیا کے علاقے ٹمبلر رِج کے ہائی اسکول میں چھ افراد ہلاک پائے گئے ہیں، ایک رہائش گاہ سے دو مزید لاشیں برآمد ہوئیں، اور ایک شخص اسپتال جاتے ہوئے جاں بحق ہوا۔ کم از کم دو دیگر افراد شدید زخمی ہوئے اور تقریباً 25 افراد کو زخمی حالت میں علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
پولیس نے کہا کہ مبینہ حملہ آور بھی موقع پر ہی ہلاک ہوگئی ہے، جس کے بارے میں لگتا ہے کہ وہ اپنی فائرنگ سے ہی زخمی ہوئی اور بعد ازاں ہلاک ہوگئی۔ پولیس نے مزید کہا کہ کوئی اور مشتبہ شخص موجود نہیں ہے اور مزید کوئی فوری خطرہ درپیش نہیں ہے۔
پولیس نے حملہ آور کی صرف اتنی تفصیل جاری کی ہے کہ وہ خاتون ہے، یہ شمالی امریکا میں بڑے پیمانے پر فائرنگ کے واقعات میں سے ایک غیر معمولی واقعہ ہے کیونکہ عموماً ایسے حملے مرد کرتے ہیں۔
پولیس کے الرٹ کے مطابق مشتبہ خاتون بھورے بالوں والی تھی۔ بعد میں سپرنٹنڈنٹ کین فلوئیڈ نے نیوز کانفرنس میں تصدیق کی کہ الرٹ میں ذکر شدہ خاتون وہی ہے جو اسکول میں مردہ پائی گئی۔
چھوٹا، قریبی کمیونٹی
ٹمبلر رِج کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا کا ایک دور دراز قصبہ ہے جس کی آبادی تقریباً 2,400 ہے، یہ شمالی برٹش کولمبیا میں راکی پہاڑوں کے دامن میں واقع ہے، جو وینکوور سے تقریباً 1,155 کلومیٹر شمال مشرق میں ہے۔ تصاویر میں شہر برف سے ڈھکا ہوا اور صنوبر کے درختوں سے بھرا ہوا دکھائی دیتا ہے۔
اسکول کی ویب سائٹ کے مطابق ٹمبلر رِج سیکنڈری اسکول میں 12 سے 18 سال کی عمر کے بارہویں جماعت کے تقریباً 160 طلبہ ہیں۔
یہ واقعہ کینیڈا کی تاریخ کے سب سے مہلک فائرنگ واقعات میں شمار ہوتا ہے۔
اپریل 2020 میں، 51 سالہ ایک شخص نے پولیس کا لباس پہن کر اور جعلی پولیس کار چلاتے ہوئے نووا سکوٹیا میں 13 گھنٹوں میں 22 افراد کو ہلاک کیا تھا، تاہم یہ حملہ آور پولیس سے مقابلے میں مارا گیا۔
کینیڈا کے بدترین اسکول فائرنگ واقعات میں دسمبر 1989 کا وہ خوفناک دن بھی شامل ہے، جس میں ایک حملہ آور نے مونٹریال کے ایک اسکول میں 14 لڑکیوں کو ہلاک اور 13 کو زخمی کیا، پھر خود کشی کر لی۔



















