Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بنگلادیش انتخابات؛ شفیق الرحمان اور طارق رحمان نے اپنا ووٹ کاسٹ کرلیا

بنگلادیش میں عام انتخابات کے لیے ووٹنگ کا عمل جاری ہے

بنگلادیش میں عام انتخابات کے لیے ووٹنگ کا عمل جاری ہے، جس میں ملک بھر کے ووٹرز بھرپور انداز میں اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جماعت اسلامی کے امیر شفیق الرحمان، بنگلادیش نیشنل پارٹی (بی این پی) کے سربراہ طارق رحمان اور جین زی پر مشتمل نیشنل سٹیزن پارٹی (این سی پی) کے کنوینر ناہید الاسلام نے ووٹ کاسٹ کردیا ہے۔

امیرِ جماعت اسلامی شفیق الرحمان نے ووٹ ڈالنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتخابات بنگلادیش کے لیے ایک اہم موڑ ثابت ہو سکتے ہیں، کیونکہ عوام کے مطالبات اور خواہشات تبدیل ہورہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر ووٹنگ آزادانہ اور شفاف طریقے سے ہوئی تو جماعت اسلامی نتائج قبول کرے گی اور دیگر سیاسی جماعتوں کو بھی عوامی فیصلے کا احترام کرنا چاہیے۔

بی این پی کے سربراہ طارق رحمان نے اس موقع پر کہا کہ امن و امان کی صورتحال بہتر بنانا ان کی پہلی ترجیح ہے تاکہ عوام خود کو محفوظ محسوس کریں۔

 انہوں نے کہا کہ ملک کی نصف آبادی خواتین پر مشتمل ہے، جس پر خصوصی توجہ دی جائے گی اور انہیں امید ہے کہ ان کی جماعت کامیابی حاصل کرے گی۔

دوسری جانب نیشنل سٹیزن پارٹی کے کنوینر ناہید الاسلام نے کہا کہ زندگی میں پہلی بار بغیر کسی دباؤ یا پریشانی کے اپنا ووٹ کاسٹ کیا ہے، ہر شہری اپنے ووٹ کا حق ضرور استعمال کرے۔

بنگلادیشی میڈیا کے مطابق ووٹنگ کا عمل اب تک پُرامن اور منظم انداز میں جاری ہے اور کسی قسم کی بدانتظامی یا رکاوٹ کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

آج ہونے والے انتخابات میں 12 کروڑ 70 لاکھ ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے، جن میں 44 فیصد نوجوان ووٹرز شامل ہیں، جس کے باعث نوجوانوں کا کردار فیصلہ کن قرار دیا جا رہا ہے۔