ڈھاکا: بنگلادیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کے چیئرمین طارق رحمان نے کہا ہے کہ اگر انتخابات شفاف، غیر جانبدار اور پُرامن ہوئے تو ان کی جماعت نتائج کو قبول کرے گی۔
ڈھاکا میں پارٹی دفتر کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے طارق رحمان نے کہا کہ وہ ووٹنگ کے دوران پیش آنے والے بعض ’’ناخوشگوار واقعات‘‘ سے آگاہ ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ اگر الیکشن آزادانہ، منصفانہ اور کسی تنازع کے بغیر منعقد ہوتے ہیں تو انہیں تسلیم کرنے میں کوئی ہچکچاہٹ نہیں ہوگی اور ایسی صورت میں تمام سیاسی جماعتیں نتائج قبول کریں گی۔
بی این پی چیئرمین نے زور دیا کہ انتخابات کا غیر جانبدار اور پُرامن ہونا بنیادی شرط ہے۔ بعض واقعات تشویش کا باعث ہیں اور اس قسم کی صورتحال کسی صورت قابل قبول نہیں ہوسکتی۔
طارق رحمان نے مزید کہا کہ انتخابی عمل کی شفافیت اور امن و امان کو یقینی بنانا ضروری ہے تاکہ عوام کا اعتماد بحال رہے اور جمہوری عمل مضبوط ہو۔
خیال رہے کہ اگست 2024 میں حسینہ واجد کی حکومت کے خاتمے کے بعد بنگلادیش میں آج عام انتخابات کا انعقاد کیا گیا جس کے لیے پولنگ کا وقت ختم ہوگیا ہے۔
موجودہ الیکشن میں بی این پی اور جماعت اسلامی کے اتحاد کے درمیان مقابلہ متوقع ہے جب کہ نئی ابھرنے والی جین زی کی جماعت بھی جماعت اسلامی کے اتحاد میں شامل ہے۔



















