ٹی 20 کرکٹ ورلڈ کپ 2026 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہائی وولٹیج مقابلے کے لیے شائقین کا جوش عروج پر پہنچ گیا ہے، جس کے باعث میچ کے ٹکٹس کی ڈیمانڈ میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان اور بھارت کے میچ کے لیے سری لنکن کرکٹ بورڈ کو ایک لاکھ 20 ہزار سے زائد ٹکٹس کی درخواستیں موصول ہوئی ہیں جبکہ کولمبو کے آر پریما داسا اسٹیڈیم میں صرف 35 ہزار تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش موجود ہے۔
رپورٹس کے مطابق پاک بھارت میچ کے لیے تمام ٹکٹس پہلے ہی فروخت ہوچکی ہیں اور شائقین بڑی تعداد میں مزید ٹکٹس کے حصول کی کوششوں میں مصروف ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ روایتی حریفوں کے درمیان یہ بڑا مقابلہ 15 فروری کو کولمبو میں شیڈول ہے، جس کے باعث شہر میں کرکٹ کا بخار سر چڑھ کر بول رہا ہے۔
دوسری جانب اس ہائی پروفائل میچ کے ٹکٹس بلیک میں فروخت ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
اطلاعات کے مطابق میچ کے بائیکاٹ سے متعلق خبروں کے بعد جو ٹکٹس منسوخ ہوئیں، وہ بھی فوری طور پر دوبارہ فروخت ہوچکی ہیں۔
مزید بتایا گیا ہے کہ کینسل شدہ ٹکٹس کی بڑی تعداد سری لنکن شائقین نے حاصل کر رکھی ہے جبکہ ٹکٹوں کی قلت کے باعث شائقین میں بے چینی بڑھتی جارہی ہے۔

















