Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کراچی: سپرہائی وے پر آئل ٹینکر اور مسافر بس میں خوفناک تصادم، 13 افراد جاں بحق

حادثے کے بعد سڑک کو کلیئر کردیا گیا ہے اور ٹریفک کی روانی بحال ہے، وزیر داخلہ سندھ

کراچی: سپرہائی وے پر کاٹھور کے قریب ایم-9 موٹر وے پر آئل ٹینکر اور مسافر بس کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 13 افراد جاں بحق ہوگئے۔

ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور تمام متاثرین کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد قریبی اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔ سڑک کی بحالی اور کلیئرنس کا عمل جاری ہے۔

حادثے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ٹریفک کراچی مظہر نواز شیخ نے متعلقہ افسران کو جائے وقوعہ پر پہنچنے کی ہدایت کی۔ ٹریفک پولیس اور روڈ ایکسیڈنٹ اینالسس ٹیم کو فوری طور پر جائے حادثہ روانہ کیا گیا ہے تاکہ واقعے کی وجوہات کا تعین کیا جاسکے۔

حکام کی جانب سے جائے حادثہ اور اطراف کے علاقے کو محفوظ بنانے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

آئل ٹینکر سے تیل کے ممکنہ اخراج کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے احتیاطی اقدامات تیز کردیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی بڑے حادثے سے بچا جاسکے۔

ریسکیو اور ایمبولینس سروسز کی بروقت رسائی یقینی بنانے کے لیے شاہراہ کو کلیئر رکھا جارہا ہے جب کہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے گاڑیوں کو متبادل راستوں پر منتقل کیا جارہا ہے۔

ایڈیشنل آئی جی موٹروے ساؤتھ ریجن منیر احمد شیخ نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ مسافر بسیں رانگ سے آرہی تھیں جس کے باعث حادثہ پیش آیا۔

ایڈیشنل آئی جی موٹر وے کا کہنا تھا کہ ایک وین کا ڈرائیور انتقال کرگیا جب کہ دوسری بس کا ڈرائیور فرار ہوگیا ہے۔

وزیر داخلہ سندھ کا گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار

دوسری جانب وزیرداخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار کی جانب سے ڈی ایچ اے سٹی کے قریب موٹروے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا۔

وزیر داخلہ سندھ نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور صبر جمیل کی دعا کرتے ہوئے بتایا کہ ایس ایس پی ملیر نے حادثے میں 13 افراد جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے۔

انہوں نے زخمیوں کو فوری اور بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ریسکیو 1122 کی ٹیمیں جائے حادثہ پر موجود ہیں اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں جب کہ زخمیوں کو اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ علاقہ پولیس کی بھاری نفری جائے حادثہ پر موجود ہے اور صورتحال کنٹرول میں ہے جب کہ حادثے کے بعد سڑک کو کلیئر کردیا گیا ہے اور ٹریفک کی روانی بحال ہے۔

وزیر داخلہ سندھ نے متعلقہ حکام کو امدادی سرگرمیاں مزید تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔