Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سرکاری اداروں کو 832 ارب 80 کروڑ روپے کا مجموعی نقصان، وزارت خزانہ کی رپورٹ

سرکاری ملکیتی اداروں کا مجموعی منافع 709 ارب روپے رہا جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 13 فیصد کم ہے۔

اسلام آباد: وزارت خزانہ نے سرکاری ملکیتی اداروں کی مالی سال 2024-25 کی سالانہ رپورٹ جاری کردی جس کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران سرکاری اداروں کو مجموعی طور پر 832 ارب 80 کروڑ روپے کا نقصان ہوا۔

رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ نقصان نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کو ہوا جس کا خسارہ 295 ارب روپے رہا۔ اسی طرح کیسکو کو 112 ارب 70 کروڑ، پیسکو کو 92 ارب 70 کروڑ اور پاکستان ریلویز کو 60 ارب 30 کروڑ روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پی آئی اے کا نقصان 48 ارب 90 کروڑ روپے رہا جب کہ سیپکو کو 25 ارب 30 کروڑ، پاکستان اسٹیل ملز کو 26 ارب، لیسکو کو 12 ارب 70 کروڑ اور حیسکو کو 13 ارب روپے خسارہ ہوا۔

آئیسکو کو ایک ارب 40 کروڑ اور پاکستان پوسٹ آفس کو 19 ارب 30 کروڑ روپے کا نقصان ہوا تاہم سالانہ بنیاد پر سرکاری اداروں کے مجموعی نقصانات میں 2 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

دوسری جانب رپورٹ کے مطابق مالی سال 2024-25 میں سرکاری ملکیتی اداروں کا مجموعی منافع 709 ارب روپے رہا جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 13 فیصد کم ہے۔

سب سے زیادہ منافع او جی ڈی سی ایل نے 170 ارب روپے کمایا جب کہ پی پی ایل کا منافع 90 ارب اور نیشنل بینک آف پاکستان کا 57 ارب روپے رہا۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ حکومت نے گزشتہ مالی سال کے دوران سرکاری ملکیتی اداروں کو 2 ہزار 78 ارب روپے کی مالی معاونت فراہم کی جب کہ وفاقی حکومت کی جانب سے مجموعی طور پر 2 ہزار 164 ارب روپے کی گارنٹیز جاری کی گئیں۔