Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

15 فروری کو پاک بھارت ٹاکرے پر عاقب جاوید کا بڑا بیان سامنے آ گیا

جس ٹیم کے پاس معیاری اسپنرز ہوں گے وہ بڑے ٹورنامنٹس میں بہتر نتائج دے سکے گی

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس سینٹر اور قومی ٹیم کے سابق کوچ عاقب جاوید  نے پاک بھارت میچ سے قبل اہم گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں فضا پاکستان کے حق میں دکھائی دے رہی ہے اور 15 فروری کو کچھ مختلف ہو سکتا ہے۔

میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ پاک بھارت مقابلے کے گرد جو ماحول بنا ہوا ہے، اس میں بھارت کی سفارتی حکمت عملی بھی الٹی پڑتی نظر آرہی ہے۔ ان کے مطابق ایسے ہائی وولٹیج میچز میں عوامی توقعات غیر معمولی حد تک بڑھ جاتی ہیں اور ٹیم کی پوزیشن بھی اسی دباؤ میں طے ہوتی ہے۔

جدید کرکٹ اور سپر اسٹارز کا فقدان

عاقب جاوید نے کہا کہ 1997ء کی کرکٹ اور آج کی کرکٹ میں زمین آسمان کا فرق ہے۔ اب کرکٹ بہت تیز ہو چکی ہے اور میچز کی بھرمار کے باعث سپر اسٹار کھلاڑیوں کا ابھرنا کم ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ جس سمت جا رہی ہے، اس میں کسی ایک بیٹر سے روایتی انداز کی بڑی اننگز کی توقع رکھنا مشکل ہوتا جا رہا ہے، بالخصوص بابر اعظم جیسے کھلاڑیوں سے متعلق توقعات کو بھی موجودہ فارمیٹ کے تناظر میں دیکھنا ہوگا۔

ورلڈ کپ جیتنے کی صلاحیت

سابق کوچ کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم نے طویل عرصے بعد اپنی کارکردگی میں تسلسل دکھایا ہے اور موجودہ فارم کو دیکھتے ہوئے وہ ورلڈ کپ جیتنے کی بھی صلاحیت رکھتی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ جس ٹیم کے پاس معیاری اسپنرز ہوں گے وہ بڑے ٹورنامنٹس میں بہتر نتائج دے سکے گی۔

ریجنل کرکٹ کی مضبوطی ضروری

عاقب جاوید نے زور دیا کہ پاکستان میں کرکٹ کی پائیدار ترقی کے لیے ریجنل کرکٹ کو مضبوط بنانا ناگزیر ہے۔ ان کے مطابق نچلی سطح پر ڈھانچہ مضبوط ہوگا تو قومی ٹیم خود بخود مستحکم ہوگی۔

متعلقہ خبریں