ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا سب سے بڑا مقابلہ آج پاکستان اور بھارت کے درمیان کولمبو اسٹیڈیم میں شیڈول ہے، جس پر شائقین کرکٹ کی نظریں جمی ہوئی ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے گروپ مراحل میں ٹیموں کی کارکردگی نے کرکٹ کے شائقین میں جوش و خروش پیدا کر دیا ہے۔ پوائنٹس جدول میں ہر جیت، ہار اور نیٹ رنز کی شرح ٹیموں کے سپر ایٹ مرحلے تک رسائی میں فیصلہ کن کردار ادا کر رہی ہے۔ آج پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں مدمقابل ہیں۔
اس وقت پاکستان اور بھارت نے اپنے حصے کے دو، دو میچ کھیلے ہیں اور دونوں نے فتح سمیٹی ہے، آج دونوں ٹیموں اپنا تیسرا اور ورلڈ کپ کا ستائیسواں میچ کھیلنے کے لیے اسٹیڈیم میں اتریں گی، یہ میچ اس لحاظ سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے کہ اس میچ کے بعد گروپ اے سے سپر ایٹ مرحلے کی ایک ٹیم فائنل ہوجائے گی۔
ٹیبل کے مطابق آج کا معرکہ جیتنے کی صورت میں جیتنے والی ٹیم اگر اپنا اگلا میچ ہار بھی جائے تو بھی سپر ایٹ میں پہنچ جائے گی جبکہ ہارنے والی ٹیم کے پاس مزید ایک موقع ہوگا، جس میں فتح حاصل کرکے ہارنے والی ٹیم بھی سپر ایٹ میں اپنی جگہ پکی کرسکے گی۔
مزید پڑھیں: ٹی20 ورلڈکپ کا سب سے بڑا اپ سیٹ، زمبابوے کے ہاتھوں آسٹریلیا کو شکست
اب تک کی صورتحال میں گروپ اے سے پاکستان اور بھارت، گروپ بی سے سری لنکا اور زمبابوے، گروپ سی سے ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ، اور گروپ ڈی سے جنوبی افریقا اور نیوزی لینڈ سپر ایٹ کھیلنے کی دوڑ میں سب سے آگے نظر آرہے ہیں۔
واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ مرحلے میں 40 میچز کھیلے جائیں گے، جن میں سے اب تک 25 میچ کھیلے جاچکے ہیں، جبکہ 15 میچز ابھی باقی ہے، جس کے بعد سپر ایٹ مرحلے کی واضح صورتحال سامنے آجائے گی۔
گروپ اے میں بھارتی ٹیم اور پاکستان قومی کرکٹ ٹیم اپنے پہلے دو مقابلے جیت کر چار پوائنٹس کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہیں۔ اس گروپ میں امریکا اور نیدرلینڈز نے ایک ایک مقابلہ جیتا ہے جبکہ نمبیا کی ٹیم اب تک کوئی پوائنٹس حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے۔
گروپ بی میں سری لنکا اور زمبابوے کی کرکٹ ٹیم نے بہترین آغاز کیا ہے اور ہر ٹیم کے چار، چار پوائنٹس ہیں۔ آسٹریلیا اور آئرلینڈ نے دو، دو پوائنٹس حاصل کئے ہیں، جبکہ عمان کی ٹیم ابھی تک کوئی پوائنٹ حاصل نہیں کرسکی ہے۔
گروپ سی میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم تین مقابلوں میں جیت کے ساتھ سب سے آگے ہے اور اگر کوئی اپ سیٹ نا ہوا تو سپر ایٹ مرحلے میں تقریبا پہنچ چکی ہے، انگلینڈ 4 پوائنٹس کے ساتھ سپر ایٹ مرحلے میں جگہ بنانے کی تگ و دو میں مصروف ہے، جبکہ اسکاٹ لینڈ اور اٹلی نے صرف دو، دو پوائنٹس حاصل کیے ہیں، اور نیپال کی ٹیم اب تک کوئی میچ نہیں جیت سکی ہے۔
گروپ ڈی میں جنوبی افریقا کی ٹیم 6 پوائنٹس حاصل کرکے سپر ایٹ مرحلے کی مضبوط امیدوار بن گئی ہے، نیوزی لینڈ چار پوائنٹس کے ساتھ سپر ایٹ کی دوڑ میں دوسرے نمبر پر ہے، متحدہ عرب امارات کی ٹیم ایک مقابلہ جیت کر دو پوائنٹس حاصل کرچکی ہے جبکہ افغانستان اور کینیڈا کی ٹیمیں ابھی تک کوئی پوائنٹ حاصل نہیں کرسکی ہیں۔
پوائنٹس جدول کے مطابق گروپ مراحل کے آخری مقابلے فیصلہ کن ہوں گے اور سپر ایٹ مرحلے میں کون سی ٹیمیں پہنچیں گی یہ انہی نتائج پر منحصر ہوگا۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان مقابلہ بھی پوائنٹس جدول میں اہم تبدیلی لا سکتا ہے اور دونوں ٹیموں کے سپر ایٹ مرحلہ کھیلنے کی راہیں واضح کر سکتا ہے۔



















