Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سپریم کورٹ؛ فوجداری مقدمات کے التواء میں تاریخی کمی

اکتوبر 2024 سے اب تک فوجداری مقدمات کی تعداد 19 ہزار 549 سے کم ہوکر 12 ہزار 705 رہ گئی۔

اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے فوجداری مقدمات کے التواء میں تاریخی کمی کردی ہے۔

سپریم کورٹ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق اکتوبر 2024 سے اب تک فوجداری مقدمات کی تعداد 19 ہزار 549 سے کم ہوکر 12 ہزار 705 رہ گئی ہے۔

سپریم کورٹ کے مطابق صرف ایک ہفتے میں سزائے موت اور عمر قید کے 354 مقدمات نمٹادیے گئے جب کہ اسی ہفتے 131 نئے مقدمات دائر ہوئے۔ مقدمات نمٹانے کی شرح 270 فیصد زیادہ رہی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ چیف جسٹس کی قیادت میں فوجداری انصاف کے نظام میں تیز رفتار اصلاحات جاری ہیں اور تمام زیر التواء سزائے موت کے مقدمات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

سپریم کورٹ نے بتایا کہ سزائے موت اور عمر قید کے تمام مقدمات 45 دن میں نمٹانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جب کہ خصوصی بینچز اور ریفارم ٹیمیں تیزی سے مقدمات نمٹانے میں مصروف ہیں۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ انڈر ٹرائل قیدیوں کی درخواستوں کے لیے واضح ٹائم لائن مقرر کی گئی ہے اور فوجداری مقدمات میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی، اس حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے۔

سپریم کورٹ کے مطابق قانون کی حکمرانی یقینی بنانے کے لیے بروقت اور مؤثر عدالتی اقدامات جاری ہیں۔