Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بنگلادیش میں نئی حکومت قائم، طارق رحمان وزیر اعظم، کابینہ نے بھی حلف اٹھا لیا

25 وفاقی وزرا اور 24 وزرائے مملکت نے حلف اٹھالیا، وزارتوں کے قلمدان بھی آج ہی تقسیم کیے جانے کا امکان

طارق رحمان کے وزارت عظمیٰ کا حلف لینے کے بعد ان کی کابینہ نے بھی حلف اٹھا لیا ہے، جس کے بعد بنگلا دیش میں نئی حکومت قائم ہوگئی ہے۔

بی این پی سربراہ طارق رحمان نے بنگلا دیش کے نئے وزیر اعظم کے طور پر حلف اٹھا لیا، ان سے حلف صدر محمد شہاب الدین نے پارلیمنٹ کمپلیکس میں لیا۔

بعد ازاں، نئی کابینہ کے 25 وفاقی وزرا اور 24 وزرائے مملکت نے بھی حلف اٹھالیا، وزارتوں کے قلمدان بھی آج ہی تقسیم کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

بنگلا دیش نیشنلسٹ پارٹی ( بی این پی) کے سربراہ اور سابق وزیراعظم مرحومہ خالدہ ضیا کے بیٹے طارق رحمان نے بنگلہ دیش کے نئے وزیراعظم کا حلف اٹھا لیا ہے۔

نو منتخب وزیراعظم طارق رحمان کی تقریب حلف برداری

نو منتخب وزیراعظم کی تقریب حلف برداری پارلیمنٹ کمپلیکس میں منعقد ہوئی، جہاں بنگلا دیش کے صدر محمد شہاب الدین نے ان سے وزیراعظم کے عہدے کا حلف لیا۔ تقریب حلف برداری میں نمایاں سیاسی شخصیات اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اس سے قبل بی این پی کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں طارق رحمان کو متفقہ طور پر پارلیمانی لیڈر منتخب کیا گیا تھا، جس کے بعد ان کی وزارتِ عظمیٰ کی راہ ہموار ہوئی۔

مزید پڑھیں: بی این پی کی لینڈ سلائیڈ وکٹری، کیا بنگلا دیش کے مسائل حل ہونگے؟

60 سالہ طارق رحمان بنگلا دیش کے بااثر سیاسی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں اور تقریباً 17 کروڑ آبادی والے ملک کی قیادت سنبھالیں گے۔

بی این پی نے کابینہ کیلئے 25 نام تجویز کر دیے

بنگلادیش نیشنلسٹ پارٹی ( بی این پی) نے حکومت سازی کے سلسلے میں 25 افراد کو کابینہ کیلئے نامزد کر دیا ہے، جبکہ قیادت پارٹی سربراہ طارق رحمان کریں گے۔

نامزد افراد میں مرزا فخرالاسلام عالمگیر، امیر خسرو محمود چوہدری، صلاح الدین احمد، اقبال حسن محمود، میجر ریٹائرڈ حفیظ الدین احمد، ابو جعفر محمد زاہد حسین، ڈاکٹر خلیل الرحمٰن، عبدالاول منٹو، قاضی شاہ مفظل حسین کیکوباد، میزان الرحمان منو، نتائی رائے چوہدری اور خاندکر عبدالمقتدر شامل ہیں۔

دیگر نامزد شخصیات میں عارف الحق چوہدری، ظاہر الدین سواپن، محمد امین الرشید، افروزہ خانم ریتا، شاہد الدین چوہدری اینی، اسدالحبیب دلو، محمد اسدالزمان، ذکریا طاہر، دیپن دیوان، اے این ایم احسان الحق میلون، سردار محمد سخاوت حسین، فقیر محبوب انعام اور شیخ ربیع العالم شامل ہیں۔

سیاسی مبصرین کے مطابق ان نامزدگیوں کے بعد بنگلادیش میں نئی حکومت کی تشکیل کا مرحلہ مزید تیز ہونے کا امکان ہے۔

نومنتخب ارکان پارلیمنٹ کی حلف برداری

بنگلادیش میں حالیہ عام انتخابات کے بعد نومنتخب ارکان پارلیمنٹ نے حلف اٹھا لیا، جبکہ نئے وزیراعظم کے طور پر حکومت سازی کا عمل بھی تیز ہو گیا ہے۔

حلف برداری کی تقریب دارالحکومت ڈھاکہ میں پارلیمنٹ کمپلیکس میں منعقد ہوئی، جس کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے کیا گیا۔ ارکان سے حلف اے ایم ایم ناصرالدین نے لیا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق بنگلادیش نیشنلِسٹ پارٹی کے اتحاد نے 212 نشستیں حاصل کر کے واضح کامیابی حاصل کی، جبکہ جماعتِ اسلامی کے زیر قیادت اتحاد 77 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا۔