Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

انڈیا اے آئی سمٹ کا پہلا دن شدید تنقید اور مایوسی کے نام

کانفرنس کے دوران فضائی آلودگی اور ٹریفک جام نے شرکا کو شدید مشکلات میں ڈال دیا۔

دہلی: انڈیا اے آئی امپیکٹ سمٹ کا پہلا دن شدید تنقید اور مایوسی کے ساتھ شروع ہوا جس میں شرکا اور اسٹارٹ اپ بانیوں نے انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالات اٹھائے اور بدانتظامی کی شکایات کیں۔

انڈیا اے آئی امپیکٹ سمٹ کے پہلے دن سیکیورٹی کے سخت اقدامات کے باعث نمائش کنندگان اپنے بوتھس تک پہنچنے سے محروم رہے اور وزیرِ اعظم کے دورے سے قبل کئی گھنٹوں تک داخلی راستے بند رہے جس سے کاروباری سرگرمیاں متاثر ہوئیں اور شرکا ناراض ہوئے۔

کانفرنس کے دوران فضائی آلودگی اور ٹریفک جام نے شرکا کو شدید مشکلات میں ڈال دیا جب کہ پانی کی قلت اور ہجوم پر قابو نہ پانے کی شکایات بھی سامنے آئیں۔ مزید یہ کہ بجلی کی بندش اور ناقص وینٹیلیشن پر سوشل میڈیا پر شدید ردعمل آیا۔

اسٹارٹ اپ بانیوں نے احتجاج کیا اور منتظمین پر چوری کے واقعات کی روک تھام میں ناکامی کے الزامات لگائے جب کہ منتظمین وضاحت دینے میں ناکام رہے۔

عالمی ٹیک ماہرین کی موجودگی کے باوجود بدانتظامی نمایاں رہی اور آلودہ فضا میں کانفرنس کے انعقاد نے صحت سے متعلق خدشات میں اضافہ کیا۔

نتیجتاً بڑے دعوے اور پروموشن کے باوجود عملی انتظام کمزور ثابت ہوا جس کے باعث انڈیا اے آئی سمٹ کا پہلا دن تنازعات اور شدید تنقید کے نام رہا۔

متعدد شرکا نے سوشل میڈیا پر بھی تقریب کے انتظامات پر شدید ردعمل ظاہر کیا۔

بولنا کے شریک بانی ماٹریا واگھ نے ایکس پر لکھا ’’گیٹس بند ہیں، اس لیے میں اپنے بوتھ تک نہیں پہنچ سکا۔ اگر آپ بھی باہر پھنسے ہیں اور بولنا ٹیم سے ملنا چاہتے ہیں تو مجھے پیغام بھیجیں‘‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ ممکنہ طور پر کانات پلیس کے کسی کیفے میں چھوٹا سا بوتھ لگائیں گے جو سمٹ کے مقام کے قریب کاروباری ضلع ہے۔