رمضان المبارک 1447 ہجری کے آغاز پر آصف علی زرداری اور شہباز شریف نے قوم اور عالمِ اسلام کو مبارکباد دیتے ہوئے اس مقدس مہینے کو تقویٰ، صبر، ایثار اور قومی یکجہتی کا ذریعہ بنانے کی اپیل کی ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ رمضان المبارک رحمت، مغفرت اور جہنم سے نجات کا مہینہ ہے جو انسان کو انفرادی اور اجتماعی اصلاح کا موقع فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ روزہ صرف بھوک اور پیاس برداشت کرنے کا نام نہیں بلکہ نفس کی تربیت، کردار کی پاکیزگی اور معاشرتی ذمہ داریوں کے احساس کا عملی مظہر ہے۔
صدر نے اس موقع پر قرآن کریم کی آیت سورۃ البقرہ: 183 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ روزے کا مقصد تقویٰ کا حصول ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ رمضان ہمیں باہمی اخوت، برداشت اور اتحاد کو فروغ دینے اور معاشرتی ناانصافیوں کے خاتمے کے لیے اجتماعی شعور بیدار کرنے کا درس دیتا ہے۔
انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ موجودہ سماجی و معاشی چیلنجز کے تناظر میں سچائی، دیانت داری، عدل و انصاف اور خدمتِ خلق کو فروغ دیا جائے اور ملک کی ترقی و استحکام کے لیے یکجہتی کا مظاہرہ کیا جائے۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ رمضان المبارک اللہ تعالیٰ کی خصوصی نعمت ہے جو مسلمانوں کو روحانی پاکیزگی، تقویٰ اور عبادت کے ذریعے اپنی زندگیوں کو سنوارنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ روزہ محض ایک مذہبی فریضہ نہیں بلکہ صبر، نظم و ضبط اور احساسِ ذمہ داری کی عملی تربیت ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ رمضان المبارک اجتماعی خیر سگالی اور کمزور طبقات کی مدد کا پیغام دیتا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ حکومت نے مستحق افراد کی معاونت کے لیے خصوصی رمضان پیکج شروع کیا ہے، جس کے تحت مالی امداد ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے باعزت انداز میں فراہم کی جائے گی تاکہ ضرورت مند خاندان سحر و افطار کے دوران بنیادی ضروریات پوری کر سکیں۔
وزیراعظم نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں قرآن پاک کی تعلیمات اور اسوۂ حسنہ پر عمل پیرا ہونے کی توفیق عطا فرمائے اور پاکستان کو امن، استحکام اور خوشحالی سے ہمکنار کرے۔
دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ رمضان المبارک قومی اتحاد، باہمی ہمدردی اور اجتماعی فلاح کے فروغ کا ذریعہ بنے گا۔



















