اسلام آباد: کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے رمضان ریلیف پیکج 2026 کے تحت مستحق خاندانوں کو فوری مالی امداد فراہم کرنے کے لیے 19 ارب روپے جاری کرنے کی منظوری دے دی۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کی جس میں اہم مالی فیصلے کیے گئے۔ ذرائع کے مطابق رمضان ریلیف پیکج کے لیے مجموعی طور پر 25 ارب روپے کی فنڈنگ کی سمری پیش کی گئی۔
وزارت خزانہ نے بتایا کہ 19 ارب روپے پہلے ہی بجٹ میں مختص کیے جاچکے تھے، جنہیں فوری طور پر جاری کیا جائے گا جب کہ اضافی فنڈز ضرورت اور دستیاب مالی گنجائش کے مطابق فراہم کیے جائیں گے۔
ای سی سی نے فیصلہ کیا کہ مستحق خاندانوں کو ادائیگیاں فوری طور پر شروع کی جائیں۔ یہ رقوم بینکنگ اور ڈیجیٹل چینلز کے ذریعے براہ راست مستحقین تک پہنچائی جائیں گی تاکہ شفافیت اور تیز تر ترسیل کو یقینی بنایا جاسکے۔
مستحق افراد کا انتخاب نیشنل سوشیو اکنامک رجسٹری کے ڈیٹا کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ کمیٹی نے کم آمدنی والے گھرانوں کو ایک بار نقد مالی امداد دینے کی منظوری بھی دی جبکہ سوشل پروٹیکشن سپورٹ میں اضافے کے منصوبے پر بھی غور کیا گیا۔
آپریشنل اخراجات کے لیے ایک ارب روپے کی اصولی منظوری دی گئی اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی کہ اخراجات کی تفصیلی تفصیلات فنانس ڈویژن کو جمع کرائی جائیں۔
اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ غیر استعمال شدہ فنڈز مقررہ مالی قواعد کے مطابق واپس کیے جائیں گے۔
ای سی سی نے شفافیت، احتساب اور مالی نظم و ضبط کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ رمضان کے دوران مستحق طبقات کو باوقار اور بروقت ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔



















