Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بنوں: فتنہ الخوارج کا فورسز کے قافلے پر حملہ، لیفٹیننٹ کرنل اور سپاہی شہید، 5 دہشتگرد جہنم واصل

جام شہادت نوش کرنے والوں میں مٹی کے نڈر بیٹے لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گلفراز اور سپاہی کرامت شاہ شامل ہیں

بنوں میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج نے بزدلانہ حملہ کیا جس سے لیفٹیننٹ کرنل اور ایک سپاہی شہید ہو گئے، آپریشن میں 5 دہشت گرد جہنم واصل کر دیئے گئے

پاک افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بنوں میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر فتنہ الخوارج کی جانب سے بزدلانہ حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں پاک فوج کے لیفٹیننٹ کرنل سمیت 2 جوان شہید ہوگئے، یہ حملہ اس وقت ہوا جب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران خودکش حملہ آور کو روکنے پر خوارج نے بارود سے بھری گاڑی ٹکرا دی، سیکیورٹی فورسز کی طرف سے کی جانے والی بھرپور جوابی کارروائی کے دوران فائرنگ کے شدید تبادلے میں 5 دہشت گرد جہنم واصل ہوگئے۔

فوج کے ترجمان ادارے نے بتایا کہ جام شہادت نوش کرنے والوں میں مٹی کے نڈر بیٹے لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گلفراز اور سپاہی کرامت شاہ شامل ہیں، 43 سالہ لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گلفراز کا تعلق مانسہرہ اور 28 سالہ سپاہی کرامت کا تعلق پشاور سے ہے،

خوارج رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں بھی افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال کر رہے ہیں، دہشت گردوں کی ان کارروائیوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔

ترجمان سیکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ افغان طالبان حکومت اپنی سرزمین سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی روکنے میں ایک بار پھر ناکام ہوچکے ہیں، پاکستان اب کسی قسم کے صبر و تحمل کا مظاہرہ نہیں کرے گا، دہشت گردوں کو ان کے ٹھکانوں پر نشانہ بنایا جائے گا، بزدلانہ حملے کے ماسٹر مائنڈز اور سہولت کاروں سے عبرتناک انتقام لیا جائے گا، ‘عزم استحکام’ کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشنز پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گے، بہادر جوانوں کی قربانیاں وطن کے دفاع کے لیے ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔