Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان کی افغانستان میں دہشت گردوں کیخلاف کارروائیاں، 7 ٹھکانے کامیابی سے تباہ

پاکستان میں حالیہ خودکش حملوں میں افغانستان میں موجود دہشتگرد قیادت اور ان کے سہولت کار ملوث ہیں

افغان طالبان کی جانب سے  پاکستان میں کی گئی حالیہ دہشتگردی کی کارروائیوں کے جواب میں پاکستان نے افغانستان میں دہشتگردوں کے سات ٹھکانے کو کامیابی سے نشانہ بنایا ہے۔

ذرائع کے مطابق افغانستان کے صوبہ پکتیا ،پکتیکا، ننگر ہار او رخوست میں جیٹ طیاروں نے بمباری کی جس سے دوران دہشتگردوں کو بھاری نقصانات کی اطلاعات ہیں، دہشتگردوں کے متعدد ٹھکانے تباہ کر دیئے گئے ہیں۔

وزارت اطلاعات و نشریات نے بتایا کہ  پاکستان میں حالیہ خودکش حملوں میں افغانستان میں موجود دہشتگرد قیادت اور ان کے سہولت کار ملوث ہیں۔ دہشتگردوں نے حال ہی میں اسلام آباد کی امام بارگاہ، باجوڑ اور بنوں میں کارروائیاں کیں۔

وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ان حملوں کی ذمہ داری افغانستان میں موجود پاکستانی طالبان،  فتنہ الخوارج  اور اس کے اتحادیوں  نے قبول کی ہے، پاکستان کے پاس اس بات کے ٹھوس شواہد موجود ہیں کہ یہ دہشتگرد کارروائیاں افغانستان میں

موجود قیادت کی ہدایات پر کی گئیں۔

 

وزارت کے مطابق پاکستان نے متعدد بار افغان طالبان حکومت پر زور دیا کہ وہ اپنی سرزمین دہشتگرد تنظیموں اور پراکسی عناصر کے استعمال سے روکنے کے لیے قابلِ تصدیق اقدامات کرے، تاہم افغان عبوری حکومت اس سلسلے میں مؤثر کارروائی کرنے میں ناکام رہی۔

پاکستان ہمیشہ خطے میں امن اور استحکام کے قیام کے لیے کوشاں رہا ہے، تاہم اس کے ساتھ ساتھ اپنے شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔ اسی تناظر میں پاکستان نے جوابی کارروائی کے طور پر انٹیلی جنس بنیادوں پر پاکستان۔افغانستان سرحدی علاقے میں فتنہ الخوارج (FAK) سے وابستہ پاکستانی طالبان، ان کے اتحادیوں اور ISKP کے سات دہشت گرد کیمپوں اور ٹھکانوں کو انتہائی درستگی اور مہارت کے ساتھ نشانہ بنایا۔

پاکستان ایک بار پھر عبوری افغان حکومت سے توقع کرتا ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرے اور خوارج اور دہشت گردوں کو پاکستان کے خلاف اپنی سرزمین استعمال کرنے سے روکے، کیونکہ پاکستان کے عوام کی سلامتی اور تحفظ سب سے مقدم ہے۔