فیصل آباد میں نصب ایک نئی یادگار نے سوشل میڈیا پر بحث چھیڑ دی ہے، جہاں متعدد صارفین اسے دبئی کے مشہور میوزیم آف دی فیوچر سے مشابہ قرار دے رہے ہیں۔
یہ یادگار فیصل آباد کے علاقے الائیڈ موڑ ٹرائی اینگل پر پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) کی جانب سے حالیہ تزئین و آرائش کے بعد نصب کی گئی۔ جدید طرز کے اس ڈھانچے نے شہریوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی ہے اور اس کی تصاویر و ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔
یادگار کا ڈیزائن ٹورس (انگوٹھی نما) طرز کا ہے، جس کی بناوٹ دبئی کے معروف لینڈ مارک سے مماثلت رکھتی ہے۔
دبئی میں واقع میوزیم آف دی فیوچر 77 میٹر بلند عمارت ہے جو بغیر اندرونی ستونوں کے تعمیر کی گئی اور اسٹین لیس اسٹیل سے ڈھکی ہوئی ہے جبکہ اس کے بیرونی حصے پر خوبصورت عربی خطاطی کندہ ہے، یہ عمارت مستقبل کی اختراعات اور 2071ء کے وژن سے متعلق نمائشوں کا مرکز سمجھی جاتی ہے۔
View this post on Instagram
اس کے برعکس، فیصل آباد کی یہ یادگار نسبتاً چھوٹے پیمانے پر سڑک کے کنارے نصب کی گئی ہے، جس کا مقصد ٹریفک جنکشن کی خوبصورتی میں اضافہ کرنا ہے، نہ کہ کسی سائنسی یا ثقافتی سرگرمی کے لیے مستقل مقام فراہم کرنا۔
اس معاملے پر عوامی رائے منقسم ہے۔ کچھ شہری اسے شہر میں جدید طرزِ تعمیر متعارف کرانے کی مثبت کوشش قرار دے رہے ہیں جبکہ ناقدین کا مؤقف ہے کہ فیصل آباد جیسے تاریخی شہر میں مقامی ثقافت اور شناخت کی عکاسی کرنے والے منفرد ڈیزائن کو ترجیح دی جانی چاہیے۔




















