Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سیکیورٹی فورسز کا ڈیرہ اسماعیل خان میں آپریشن؛ 4 خارجی دہشت گرد جہنم واصل

مارے جانے والے خارجی عناصر علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے، ترجمان پاک فوج

راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز کا ڈیرہ اسماعیل خان میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے 4 خارجی دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ڈیرہ اسماعیل خان میں کارروائی کی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کے خلاف موثر کارروائی کی جس دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 4 خارجی دہشت گرد جہنم واصل کردیے گئے جب کہ ہلاک ہونے والے بھارتی اسپانسرڈ خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا تھا کہ مارے جانے والے خارجی عناصر علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ علاقے کو بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں سے پاک کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے جب کہ سیکورٹی فورسز وطن عزیز سے غیر ملکی اسپانسرڈ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔

متعلقہ خبریں