لاہور : پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ایڈہاک صدر محی الدین وانی نے واضح پیغام دیتے ہوئے کہا کہ کھلاڑی صرف اپنے کھیل پر توجہ دیں۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ایڈہاک صدر سے قومی ہاکی ٹیم نے ملاقات کی جب کہ محی الدین وانی نے ٹیم منیجمنٹ سے بھی ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران ورلڈکپ کوالیفاٸنگ راؤنڈ کی تیاریوں پر بات چیت کی گئی اور محی الدین وانی نے کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھایا۔
ایڈہاک صدر محی الدین وانی نے کہا کہ ہاکی میں کھویا مقام واپس لانے کے لٸے ہر ممکن اقدامات کریں گے، ملک کا نام روشن کریں، ہر ممکن سہولیات دیں گے جب کہ ایڈہاک صدر نے قومی ٹیم کے لٸے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔
انہوں نے کھلاڑیوں کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا کہ کھلاڑی صرف اپنے کھیل پر توجہ دیں، باقی معاملات پی ایچ ایف سنبھالے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ کھلاڑیوں کو ضروری مراعات فراہم کی جائیں گی اور کھلاڑیوں پر کسی قسم کا غیر ضروری دباؤ نہیں ڈالا جائے گا جب کہ پی ایچ ایف لاجسٹکس، کوآرڈینیشن اور دیگر آف فیلڈ امور کی ذمہ داری خود اٹھائے گی۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان ہاکی فیڈریشن میں بدانتظامی کے نوٹس کے بعد سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ محی الدین وانی کو ایڈہاک صدر تعینات کرنے کی منظوری دی تھی۔


















