مقبول میسجنگ پلیٹ فارم واٹس ایپ اپنے صارفین کے لیے ایک منفرد فیچر متعارف کرانے کی تیاری کر رہا ہے جس کے ذریعے چیٹس میں مخصوص متن کو عارضی طور پر پوشیدہ رکھا جا سکے گا۔
ٹیک رپورٹس کے مطابق نئے آپشن کے تحت بھیجے گئے پیغامات عام طور پر نظر نہیں آئیں گے اور وصول کنندہ کو متن پڑھنے کے لیے اس پر ٹیپ کرنا ہوگا۔ یہ تصور سوشل پلیٹ فارم ریڈٹ کے اسپائلر فارمیٹ سے ملتا جلتا ہے، جہاں حساس یا اہم معلومات کو جان بوجھ کر چھپا دیا جاتا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ فیچر فی الحال آئی او ایس کے بیٹا ورژن میں دیکھا گیا ہے، جبکہ حتمی لانچ کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔ امکان ہے کہ آزمائشی مرحلہ مکمل ہونے کے بعد اسے تمام صارفین کے لیے جاری کر دیا جائے گا۔
ماہرین کے مطابق یہ سہولت خاص طور پر گروپ چیٹس میں کارآمد ہوگی، جہاں فلموں یا ٹی وی شوز سے متعلق اسپائلر شیئر کرنے والوں اور انہیں نہ دیکھنے کے خواہش مند صارفین کے درمیان توازن برقرار رکھا جا سکے گا۔
ابتدائی معلومات کے مطابق فیچر کو فی الحال صرف ٹیکسٹ پیغامات تک محدود رکھا جائے گا اور تصاویر یا ویڈیوز کو چھپانے کی سہولت دستیاب نہیں ہوگی۔ ٹیک مبصرین کا کہنا ہے کہ یہ اپ ڈیٹ صارفین کو مزید رازداری اور پیغام رسانی پر بہتر کنٹرول فراہم کرے گی۔




















