Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

روس، ماسکو کے ریلوے اسٹیشن پر دھماکا، ایک پولیس اہلکار ہلاک، دو زخمی

روس کے دارالحکومت ماسکو میں یوکرین جنگ کی چوتھی برسی کے موقع پر دھماکے کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار ہلاک جبکہ دو زخمی ہوگئے، حکام نے تصدیق کردی۔

روسی وزارتِ داخلہ کے مطابق واقعہ منگل کی علی الصبح شہر کے مرکزی علاقے میں ساویلووسکی ریلوے اسٹیشن کے قریب پیش آیا، جہاں ایک نامعلوم حملہ آور نے ٹریفک پولیس کی گشتی گاڑی کے قریب پہنچ کر خودکش نوعیت کا دھماکہ کیا۔

دھماکے کے نتیجے میں ایک پولیس افسر موقع پر ہلاک جبکہ دو دیگر اہلکار زخمی ہوکر اسپتال منتقل ہوگئے، جبکہ حملہ آور بھی ہلاک ہوگیا۔

روس کی تحقیقاتی کمیٹی نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں تاہم حملہ آور کی شناخت اور ممکنہ محرکات سے متعلق فوری طور پر کوئی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

یہ دھماکہ ایسے وقت میں پیش آیا جب یوکرین میں روسی فوجی کارروائی کے چار سال مکمل ہونے پر سیکیورٹی خدشات میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔

ادھر مغربی حکام کا کہنا ہے کہ روس کو یوکرین جنگ میں ہلاک ہونے والے فوجیوں کی جگہ نئے اہلکار بھرتی کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے، تاہم برطانیہ کے وزیر برائے مسلح افواج ال کارنز نے واضح کیا کہ اس صورتحال کے باوجود دفاعی اخراجات میں اضافے کے عزم میں کمی نہیں آئے گی۔

برطانوی حکومت نے یوکرین کے لیے نئی فوجی، توانائی اور انسانی امداد فراہم کرنے کا اعلان بھی کیا ہے، جبکہ وزیر اعظم سر کیئر اسٹارمر فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون کے ساتھ اتحادی ممالک کے اجلاس کی میزبانی کرنے والے ہیں۔

متعلقہ خبریں