Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاک افغان کشیدگی پر اظہار تشویش، خطے میں جنگ کسی کے مفاد میں نہیں؛ ایرانی سفیر

دونوں برادر ممالک کے درمیان تناؤ کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششیں جاری رہنی چاہیے، ایرانی سفیر

اسلام آباد میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان بڑھتی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطے میں تنازع اور جنگ کسی کے مفاد میں نہیں۔

انہوں نے زور دیا کہ دونوں برادر ممالک کے درمیان تناؤ کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششیں جاری رہنی چاہیے۔

اسلام آباد انسٹیٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز میں خطاب کرتے ہوئے ایرانی سفیر نے کہا کہ پاک بھارت کشیدگی اور ایران کے خلاف بارہ روزہ اسرائیلی جارحیت کے باوجود پاکستان اور ایران کے تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مشکل وقت میں پاکستانی حکومت اور عوام کی بھرپور حمایت پر ایران شکر گزار ہے اور علاقائی تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔

رضا امیری مقدم نے بتایا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران 25 اعلیٰ سطحی ایرانی وفود نے پاکستان کا دورہ کیا جو دونوں ممالک کے قریبی روابط کا مظہر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک ایران تجارتی تعلقات اس وقت اچھی سطح پر ہیں اور دونوں ممالک معاشی تعاون بڑھانے کے خواہاں ہیں۔

ایرانی سفیر نے اس بات پر بھی شکریہ ادا کیا کہ پاکستان نے جنیوا میں ایران مخالف قرارداد کے خلاف ووٹ دیا۔ ان کے مطابق اس معاملے پر امریکہ کو سیاسی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

انہوں نے پاک افغان مسائل کے حل کے لیے پاکستان کی سفارتی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی وزیر خارجہ نے تین مرتبہ کابل کا دورہ کیا تاکہ باہمی معاملات کو بات چیت کے ذریعے حل کیا جاسکے۔

ان کا کہنا تھا کہ کابل میں ایران اور پاکستان کے سفارتخانے فعال ہیں تاہم دونوں ممالک نے افغان حکومت کو تاحال باضابطہ طور پر تسلیم نہیں کیا۔

ایرانی سفیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خطے میں امن، استحکام اور تعاون کے فروغ کے لیے کوششیں جاری رہیں گی کیونکہ کشیدگی اور جنگ کسی بھی ملک کے مفاد میں نہیں۔

متعلقہ خبریں