عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور قیمتیں گزشتہ سات ماہ کی بلند ترین سطح کے قریب پہنچ گئی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کی وجہ سے برینٹ خام تیل کی قیمت میں 27 سینٹ اضافہ ہوا جس کے بعد فی بیرل قیمت 71.12 ڈالر تک پہنچ گئی۔
اسی طرح امریکی معیار کا خام تیل ڈبلیو ٹی آئی 23 سینٹ اضافے کے ساتھ 65.65 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ ہوا۔
مزید پڑھیں: امریکا نے وینزویلا کا 500 ملین ڈالر مالیت کا تیل فروخت کر دیا
مارکیٹ ذرائع کے مطابق سرمایہ کار امریکا اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں، کیونکہ دونوں ممالک کے درمیان ممکنہ تصادم کے خدشات برقرار ہیں۔ دوسری جانب امریکا میں خام تیل کے ذخائر میں اضافے کی اطلاعات نے قیمتوں میں مزید تیزی کو محدود رکھا ہے۔
رپورٹس کے مطابق امریکی نمائندے اسٹیوو وٹکوف اور جیرڈ کشنر کی جنیوا میں ایرانی وفد سے ملاقات متوقع ہے، جسے توانائی منڈی کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر کشیدگی محدود سطح تک رہی تو ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت عارضی طور پر 70 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر سکتی ہے، تاہم اگر صورتحال میں بہتری آتی ہے تو قیمتیں دوبارہ 60 سے 65 ڈالر کی حد میں واپس آ سکتی ہیں۔




















