کراچی: وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے کراچی میں تعینات عوامی جمہوریہ چین کے قونصل جنرل یانگ ینڈونگ سے اہم ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون اور بالخصوص سیکیورٹی سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران صوبہ سندھ میں مقیم چینی باشندے، ماہرین، انجینئرز اور مختلف ترقیاتی منصوبوں سے وابستہ افراد کی سیکیورٹی صورتحال کا جامع جائزہ لیا گیا۔
وزیر داخلہ سندھ نے اس موقع پر واضح کیا کہ چینی شہریوں کا تحفظ حکومتِ سندھ کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک اور نان سی پیک منصوبوں سے وابستہ چائنیز انجینئرز اور ورکرز کے لیے مؤثر اور مربوط سیکیورٹی انتظامات کو مزید مضبوط بنایا جارہا ہے۔
اس موقع پر چینی تنصیبات، رہائش گاہوں اور ورک سائٹس کی سیکیورٹی کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے عمل کو یقینی بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
وزیر داخلہ سندھ نے زور دیا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور چائنا قونصلیٹ کے مابین رابطوں اور انٹیلی جنس شیئرنگ کے نظام کو مزید فعال اور مؤثر بنایا جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا بروقت تدارک کیا جاسکے۔
انہوں نے اس امر کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور چین کی لازوال دوستی باہمی اعتماد، احترام اور دیرینہ تعاون پر مبنی ہے اور حکومتِ سندھ اس تاریخی تعلق کو مزید مستحکم بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات بروئے کار لارہی ہے۔
چائنیز باشندگان کے تحفظ کے لیے زیرو ٹالرینس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد جاری ہے اور جامع حکمت عملی کے تحت تمام متعلقہ ادارے ہم آہنگی کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔
قونصل جنرل چائنا یانگ ینڈونگ نے حکومتِ سندھ کی جانب سے چینی باشندگان اور منصوبوں کی سیکیورٹی کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومتِ سندھ ہر ممکن سپورٹ اور بھرپور تعاون فراہم کررہی ہے جس پر ہم ان کے شکر گزار ہیں اور باہمی اعتماد و اشتراک کو مزید مضبوط بنانے کے خواہاں ہیں۔
ملاقات میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، آئی جی سندھ، ڈی آئی جی اسپیشل پروٹیکشن یونٹ اور ڈی آئی جی ایسٹ کے علاوہ کوآرڈینیٹر ٹو منسٹر ہوم بھی موجود تھے جب کہ باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔


















