Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ژوب میں سینی ٹائزیشن آپریشن، مزید 10 بھارتی حمایت یافتہ خارجی دہشت گرد ہلاک

یہ کارروائی خفیہ اطلاع پر مبنی پہلے آپریشن کے تسلسل میں کی گئی ہے، آئی ایس پی آر

راولپنڈی: بلوچستان کے ضلع ژوب میں سیکیورٹی فورسز نے سینی ٹائزیشن آپریشن کے دوران مزید 10 بھارتی حمایت یافتہ خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ کارروائی خفیہ اطلاع پر مبنی پہلے آپریشن کے تسلسل میں کی گئی جس میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔

ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ 24 فروری 2026 کو ژوب میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 8 بھارتی اسپانسرڈ خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا تھا۔ اس کے بعد 25 فروری کو علاقے میں چھپے مزید دہشت گردوں کی تلاش کے لیے جامع سینی ٹائزیشن آپریشن شروع کیا گیا۔

آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے مختلف راستوں پر دہشت گردوں کا سراغ لگاکر ان کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد مزید 10 بھارتی حمایت یافتہ خارجی دہشت گرد مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا۔ یہ دہشت گرد علاقے میں متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں سرگرم تھے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ علاقے میں موجود کسی بھی بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد کے خاتمے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن جاری رہے گا تاکہ خطے میں مکمل امن بحال کیا جاسکے۔

آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی سے منظور شدہ وژن ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں پوری شدت سے جاری رہیں گی اور ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ مہم جاری رہے گی۔