Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کراچی، سائٹ ایریا کی فیکٹری میں خوفناک آتشزدگی، ریسکیو آپریشن جاری

واٹر کارپوریشن حکام کے مطابق شہر کے ہائیڈرنٹس پر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے

کراچی کے صنعتی علاقے شیرشاہ سائٹ ایریا میں ٹیکسٹائل فیکٹری میں لگنے والی خوفناک آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے باعث علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور آسمان پر دھوئیں کے گھنے بادل چھا گئے۔

پولیس کے مطابق فیکٹری میں کپڑا ڈائی کرنے والے کیمیکلز کی موجودگی نے آگ کی شدت میں اضافہ کر دیا، جس کے باعث ریسکیو حکام نے اسے تیسرے درجے کی آگ قرار دے دیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی۔

جاوید عالم اوڈھو نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس حکام کو فوری طور پر جائے وقوعہ پہنچنے اور متاثرہ فیکٹری سمیت اطراف کے علاقوں کو محفوظ بنانے کی ہدایت جاری کی۔ ساتھ ہی فائربریگیڈ اور ریسکیو ٹیموں کی بروقت رسائی یقینی بنانے کے لیے راستے کلیئر رکھنے کا حکم بھی دیا گیا۔

واقعے کی سنگینی اور آگ کی شدت کو مدنظر رکھتے ہوئے سندھ رینجرز کے اہلکار بھی فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ہیں۔

ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق رینجرز کے اہلکار فائر بریگیڈ اور ریسکیو کے عملے کے ساتھ مل کر امدادی سرگرمیوں اور ریسکیو آپریشن میں بھرپور حصہ لے رہے ہیں۔

متاثرہ عمارت کے گرد کارڈن کرکے ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے اور شہریوں کو محفوظ رکھنے کیلیے رینجرز کی بھاری نفری تعینات کردی گئی۔

 ترجمان رینجرز کا مزید کہنا تھا کہ اولین ترجیح انسانی جانوں کا تحفظ اور آگ کو مزید پھیلنے سے روکنا ہے۔

ریسکیو 1122 کے مطابق 8 سے زائد فائر بریگیڈ ٹرک آگ بجھانے میں مصروف ہیں جبکہ شہر کے مختلف علاقوں سے مزید فائر ٹینڈرز طلب کر لیے گئے ہیں۔

چیف فائر آفیسر کا کہنا ہے کہ آگ کی شدت کے باعث اسے قابو پانے میں کافی وقت لگ سکتا ہے، جبکہ واٹر کارپوریشن سے پانی کے ٹینکرز بھی طلب کر لیے گئے ہیں تاکہ بلا تعطل پانی کی فراہمی جاری رکھی جا سکے۔

دوسری جانب مرتضیٰ وہاب نے بھی واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے افسران کو ہائی الرٹ رہنے اور تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔

انہوں نے متعلقہ اداروں کو فوری جائے حادثہ پہنچنے، اضافی فائر بریگیڈ گاڑیاں روانہ کرنے اور اطراف سے لوگوں کو ہٹانے کی ہدایات جاری کیں تاکہ ریسکیو آپریشن میں رکاوٹ نہ آئے۔

واٹر کارپوریشن حکام کے مطابق شہر کے ہائیڈرنٹس پر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور واٹر ٹینکرز مسلسل جائے وقوعہ روانہ کیے جا رہے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ آگ پر مکمل قابو پانے تک پانی کی فراہمی جاری رکھی جائے گی۔

ریسکیو ادارے شہریوں کو جائے وقوعہ کے قریب غیر ضروری رش سے گریز کرنے کی ہدایت کر رہے ہیں جبکہ فیکٹری کے اطراف حفاظتی اقدامات سخت کر دیے گئے ہیں۔

متعلقہ خبریں