ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا کہ پاکستان باوقار امن کا خواہاں ذمہ دار ملک ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن سوئفٹ ریٹورٹ کے 7 برس مکمل ہونے پر ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دشمن نے سات سال قبل تاریکی میں پاکستان کی خودمختاری کو چیلنج کر کے غلط اندازہ لگایا تھا، تاہم پاک فضائیہ کی جانب سے دن کی روشنی میں دیے گئے مؤثر جواب نے برتری کے زعم کو توڑ کر قابلِ اعتماد دفاعی توازن بحال کیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ 2021 سے مالی دباؤ کے باوجود پاک فضائیہ کی جامع جدیدکاری اور انڈیجینائزیشن جاری ہے جبکہ پاک فضائیہ میں جدید جنگی و معاون صلاحیتوں، بغیر پائلٹ سسٹمز، الیکٹرانک وارفیئر، اسپیس اور سائبر اثاثے شامل کیے گئے ہیں اس کے علاوہ مقامی سطح پر تیار کردہ ملٹی ڈومین ’’کِل چین‘‘ قائم کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: 27 فروری: یومِ فیصلہ کن جواب، پاک فضائیہ کی جرات کی داستان
ائیر چیف نے اپنے خطاب میں مئی 2025 کے ’’معرکۂ حق‘‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ نے معرکہ حق کے دوران مکمل ملٹی ڈومین آپریشنز پہلی بار کامیابی سے انجام دیے، دشمن کو فیصلہ کن شکست ہوئی اور اس کے متعدد رافیل، سخوئی 30 ایم کے آئی، میراج-2000، مگ-29 اور بغیر پائلٹ طیارے مار گرائے گئے۔
ظہیر احمد بابر سدھو نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ نے دشمن کے علاقے کے اندر گہرائی تک جا کر بیسز اور زمینی اثاثوں کو بھی نشانہ بنایا، اس کے علاوہ دشمن کے جدید ترین ایس-400 فضائی دفاعی نظام اور ان کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کو بھی ناکارہ بنایا۔

















