Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

طالبان کا نیا ضابطہ عالمی انسانی حقوق سے متصادم ہے، عطا تارڑ

افغانستان میں طالبان کی غیر قانونی حکومت قائم ہے جس نے زبردستی اقتدار پر قبضہ کیا

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے خصوصی گفتگو میں کہا ہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے آپریشن للحق اور پاک افغان صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس کے مطابق پاکستان نے افغان جارحیت کا مؤثر اور فیصلہ کن جواب دیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جوابی کارروائی کے دوران افغانستان کی متعدد سرحدی پوسٹوں پر پاکستان نے کنٹرول حاصل کیا۔

وزیر اطلاعات نے الزام عائد کیا کہ افغان طالبان رجیم دہشتگرد گروہوں کی پشت پناہی کر رہی ہے اور افغان سرزمین پاکستان میں دہشتگرد کارروائیوں کے لیے استعمال ہو رہی ہے۔

ان کے مطابق اسلام آباد کچہری اور ترلائی حملوں سمیت جوڈیشل کمپلیکس اور امام بارگاہ پر خودکش حملوں میں افغان شہری ملوث پائے گئے۔

عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ افغانستان میں دہشتگردوں کو تربیت دی جا رہی ہے، جبکہ وہاں خواتین، بچوں اور اقلیتوں کے بنیادی حقوق بھی محفوظ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں طالبان کی غیر قانونی حکومت قائم ہے جس نے زبردستی اقتدار پر قبضہ کیا اور نئے مجرمانہ ضابطے کے ذریعے غلامی، تشدد اور خواتین پر جبر کو قانونی شکل دینے کی کوشش کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ طالبان کا نیا ضابطہ قاہرہ اعلامیہ اور بین الاقوامی انسانی حقوق کے قوانین سے متصادم ہے اور اس میں عدم مساوات کو فروغ دیا گیا ہے۔

وزیر اطلاعات کے مطابق افغانستان میں 18 سے 29 سال کی تقریباً 80 فیصد نوجوان خواتین تعلیم سے محروم ہیں، مزدور قوت میں صنفی فرق دنیا میں سب سے زیادہ ہے اور خواتین کو سیاسی و انتظامی فیصلہ سازی سے مکمل طور پر خارج کر دیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں