Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

وزیراعظم نے پیٹرولیم قیمتوں کی نگرانی کیلئے اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کردی

کمیٹی کا قیام ایران اسرائیل کشیدگی کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات قیمتوں کی نگرانی کیلئے اعلیٰ سطحی کی کمیٹی قائم کردی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق 18 رکنی کمیٹی کا قیام ایران اسرائیل کشیدگی کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے، جس کی سربراہی وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کریں گے۔

وزیر پیٹرولیم، وزیر پاور ڈویژن اور وزیر مملکت خزانہ کمیٹی ارکان میں شامل ہیں، تاہم پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا مؤثر جائزہ لینے کیلئے خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جبکہ گورنر اسٹیٹ بینک اور متعلقہ وفاقی وزارتوں کے سیکرٹریز بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔

نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ کمیٹی بین الاقوامی منڈی میں تیل کی قیمتوں پر نظر رکھے گی اور عالمی قیمتوں کے اثرات سے عوام کو بچانے کیلئے اقدامات کرے گی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی صورتحال کا بھی جائزہ لے گی اور طلب و رسد کے توازن کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات تجویز کیے جائیں گے۔

اس کے علاوہ قیمتوں میں اچانک اضافے سے بچاؤ کیلئے حکمت عملی بھی تیار کی جائے گی، پیٹرولیم سیکٹر میں شفافیت اور استحکام کیلئے اہم پیش رفت ہوگی۔

نوٹیفکیشن میں مزید بتایا گیا کہ کمیٹی مارکیٹ میں ممکنہ قلت سے نمٹنے کیلئے سفارشات دے گی، تاہم حکومت نےعوام کو ریلیف دینے کیلئے نگرانی کا نظام مضبوط بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔