چینی ٹیکنالوجی کمپنی شاؤمی نے اپنی تازہ ترین فلیگ شپ سیریز شاؤمی 17 اور شاؤمی 17 الٹرا کو عالمی منڈیوں میں پیش کردیا ہے۔
گزشتہ سال چین میں متعارف کرائی جانے والی یہ سیریز اب بین الاقوامی صارفین کے لیے بھی دستیاب ہوگی تاہم اس سیریز کا پرو ماڈل صرف چین تک ہی محدود رہے گا۔
شاؤمی 17 الٹرا: کیمرے کا نیا معیار
شاؤمی 17 الٹرا کو خاص طور پر اس کے طاقور کیمرے کی وجہ سے نمایاں مقام حاصل ہے۔ اس میں 50 میگا پکسل کا 1 انچ کا ایل ایل 1050 ایل سینسر نصب ہے جو جدید ایل او ایف آئی سی ایچ ڈی آر ٹیکنالوجی سے لیس ہے۔
فون کی پشت پر 200 میگا پکسل کا ٹیلی فوٹو کیمرہ موجود ہے جو 75 سے 100 ملی میٹر کی فوکل لینتھ فراہم کرتا ہے۔ اس کے علاوہ 50 میگا پکسل کا الٹرا وائیڈ کیمرہ اور 50 میگا پکسل کا فرنٹ کیمرہ بھی شامل ہے۔
ڈیزائن کے لحاظ سے اسے پچھلے ماڈل کی نسبت پتلا رکھا گیا ہے اور اس کی موٹائی 8.3 ملی میٹر ہے۔ اس میں 6.9 انچ کی ہائپر آر جی بی ڈسپلے دی گئی ہے جو شیشے کی مضبوط تہہ سے محفوظ ہے۔
فوٹوگرافی کے شوقین افراد کے لیے دو خاص لوازمات بھی پیش کیے گئے ہیں۔ ایک سادہ فوٹوگرافی کٹ اور دوسری پرو کٹ جس میں 2 ہزار ایم اے ایچ کی اضافی بیٹری شامل ہے اور اس کا ڈیزائن مشہور جرمن کیمرے سے متاثر ہے۔
عالمی ورژن میں بیٹری کی گنجائش 6 ہزار ایم اے ایچ رکھی گئی ہے جب کہ چینی ورژن میں یہ 6 ہزار 800 ایم اے ایچ ہے۔ یہ فون 90 واٹ وائرڈ اور 50 واٹ وائرلیس چارجنگ کو سپورٹ کرتا ہے۔
شاؤمی 17: کمپیکٹ مگر طاقتور
شاؤمی 17 بھی اسی طاقتور پروسیسر اسنیپ ڈریگن 8 ایلیٹ جن 5 پر چلتا ہے۔ عالمی ورژن میں اس میں 6 ہزار 330 ایم اے ایچ کی بیٹری دی گئی ہے۔ یہ 100 واٹ وائرڈ چارجنگ کو سپورٹ کرتا ہے۔
اس میں 6.3 انچ کی ایل ٹی پی او ڈسپلے ہے جس کی ریفریش ریٹ 120 ہرٹز تک ہے۔ کیمرے کی بات کریں تو اس میں 50 میگا پکسل کا مین سینسر، 50 میگا پکسل کا ٹیلی فوٹو لینس اور 50 میگا پکسل کا الٹرا وائیڈ کیمرہ موجود ہے۔
قیمت اور دستیابی
شاؤمی 17 الٹرا کی قیمت 16 جی بی ریم اور 512 جی بی اسٹوریج کے لیے 1499 یورو اور 1299 پاؤنڈ رکھی گئی ہے۔ وہیں شاؤمی 17 کی قیمت 12 جی بی ریم اور 256 جی بی اسٹوریج کے لیے 999 یورو اور 899 پاؤنڈ ہے۔
شاؤمی نے ان فونز کے ساتھ ساتھ دوسری مصنوعات جیسے شاؤمی پیڈ 8 پرو، واچ ایس 5، ریڈمی بڈز 8 پرو اور شاؤمی ٹیگ کو بھی عالمی منڈیوں میں پیش کردیا ہے۔




















